نئی دہلی سری نگر ، 3 اگست : ریاست جموں وکشمیر کو خصوصی پوزیشن عطا کرنے والی آئین ہند کی دفعہ 35 اے کا دفاع کرنے کے لئے نیشنل کانفرنس کی جانب سے جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں ایک عرضی دائر کی گئی۔ نیشنل کانفرنس نے یہ پٹیشن پارٹی کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کی طرف سے دائر کی ہے اور معروف وکیل ایڈوکیٹ ادیبہ مجاہد پارٹی کی طرف سے اس کیس کی پیروی کریں گی۔ اس دوران پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے ہی دفعہ 35 اے کے خلاف ہورہی سازشوں کا انکشاف کیا اور اس دفعہ کی اہمیت اور افادیت اجاگر کرنے کے لئے ریاست بھر میں جانکاری پروگراموں کا نعقاد کیا اور اس دفعہ کو ختم کرنے کی سازشوں کے خلاف ہر سطح پر اپنا احتجاج درج کیا۔ دریں اثنا سری نگر میں نیشنل کانفرنس حلقہ انتخاب حضرت بل کی طرف سے دفعہ 35 اے کو ختم کرنے کی سازشوں کے خلاف جمعہ کے روز ایک احتجاجی ریلی کا انعقاد ہوا۔ جس کی قیادت سابق ایم ایل اے محمد سعید آخون کررہے تھے۔ریلی حبک شاہ پورہ، دوجی محلہ، ہنڈم محلہ، میر محلہ باغی محلہ اور تیل بل سے گزری۔ ریلی کے شرکا ءنے ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی پوزیشن اور پہچان کیخلاف کی جارہی سازشوں کیخلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور نعرے بازی بھی کی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے محمد سعید آخون نے دفعہ35Aکی اہمیت اور افادیت کے علاوہ آئین ہند کی اس دفعہ کے خاتمے سے جموں وکشمیر کے عوام پر پڑنے والے منفی اثرات کے بارے میں بھی آگاہی دلائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس دفعہ سے ریاست جموں وکشمیر کے سٹیٹ سبجیکٹ قانون آئین میں تحفظ فراہم ہوا ہے اور کشمیر دشمن عناصر نے عدلیہ کا راستہ اختیار کرکے اسے ختم کرنے کی سازشیں رچائی ہیں۔ ایسے میں جموں و کشمیر کے ہر پشتینی باشندے کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس دفعہ کیخلاف ہورہی سازشوں کا دفاع کرنے کیلئے سامنے آئے۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس دفعہ کا دفاع کرنے کیلئے منظم رائے عامہ کی ضرورت ہے اور اس میں جموں وکشمیر کے لوگوں کو سیاسی اور دیگر اختلافات بالائے طاق رکھ کر شامل ہونے کی ضرورت ہے۔
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
Comments are closed.