جموں اور سرینگر شہروں کے ٹریفک نظام کو جدید خطوط پر ترقی دی جائے گی: خورشید گنائی

سری نگر:: جموں اور سرینگر شہروں میں ٹریفک نظام کو ملک کے بڑے شہروں کی طرز پر ترقی دینے پر زور دیتے ہوئے گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے آج کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ریاستی حکومت ان دو شہروں میں ٹریفک کے نظام میں بہتری لانے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے۔
مشیر موصوف نے کہا کہ ہمیں ملک کے بڑے شہروں میں جاری ٹریفک نظام کی طرف دیکھتے ہوئے ریاست کے ٹریفک میں بہتری لانے کیلئے تمام ممکنہ سہولیات پیدا کرنے کیلئے خصوصی پالیسی ترتیب دیں ۔
ان باتوں کا اظہار مشیر موصوف نے محکمہ ٹرانسپورٹ سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی جائیزہ میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔
میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین چودھری ، محکمہ ٹرانسپورٹ کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر اصغر حسن سامون ، ڈویژنل کمشنر کشمیر بصیر احمد خان ، ٹرانسپورٹ کمشنر جموں ، وایس چئیر مین ایس ڈی اے ، وایس چئیر مین جے ڈی اے ، ایس ایس پی ٹریفک سرینگر ، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ ، آر ٹی او جموں و دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے ۔
ٹرانسپورٹ سیکٹر اور ٹریفک انتظامیہ میں منظم طریقے پر بہتری لانے پر سیر حاصل بحث کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ٹرانسپورٹ کمشنر کے دفتر میں ایک ٹریفک پلاننگ ونگ قایم کی جائے گی جو مختلف انجینئرنگ و غیر انجینئرنگ اقدامات کی بدولت بہتر ٹریفک انتظامیہ یقینی بنانے کیلئے اپنی سفارشات پیش کریں ۔
ریاست میں پولیوشن چیکنگ سنٹروں کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جانکاری حاصل کرتے ہوئے مشیر موصوف کو بتایا گیا کہ ریاست میں 109 پولیوشن چیکنگ مراکز قایم ہیں جن میں سے کشمیر صوبے میں 65 اور باقی 44 جموں صوبے میں قایم ہیں ۔
میٹنگ میں بتایا گیا کہ سال 2017-18 کے دوران موٹر وہیکلز محکمہ اور جے اینڈ کے سٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے 55 مالکان کے نام نوٹس جاری کئے تا کہ وہ اپنے مراکز پر پولیوشن چیکنگ آلات کی اپ گریڈیشن یقینی بنائیں ۔ چیف سیکرٹری نے اس موقعہ پر پولیوشن چیکنگ مراکز کو اور زیادہ فعال بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کوشش سے ریاست کے دونوں بڑے شہروں میں گاڑیوں سے پیدا شدہ کثافت کو بڑی حد تک روکا جا سکتا ہے ۔ میٹنگ میں ریاست میں بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو متعارف کرنے کے امکانات پر بھی غور و خوض کیا گیا ۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹیٹ موٹر گیراجز ریاست کے دو بڑے شہروں میں دو بجلی سے چلنے والی گاڑیوں کو حاصل کرنے کے سلسلے میں ضروری اقدامات کریں ۔
خورشید گنائی نے گورنر کے شکائتی سیل میں کئی عوامی وفود سے ملاقات کی
گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی نے آج چرچ لین میں قایم گورنر کے شکائتی سیل میں بڑی تعداد میں عوامی وفود سے ملاقات کی اور اُن کے مطالبات ، مشکلات ، شکائتیں بغور سُنیں ۔
یہ وفود سول سوسائیٹی ، ملازمینوں کی یونیونوں کے نمائیندوں اور مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے عوامی ڈیلی گیشنوں سے وابستہ تھے ۔ اس کے علاوہ کئی لوگ انفرادی طور پر بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوئے اور انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔
ترال سے آئے ہوئے وفد نے علاقے میں ٹورازم ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو معرض وجود میں لانے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے خانقاہِ فیض پناہ پر جاری تعمیراتی کام میں سرعت لانے کا بھی مطالبہ کیا ۔
ہارٹیکلچر انٹر پرنیورز ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے آرگینک پودوں کیلئے ایک لیبارٹری قایم کرنے کا مطالبہ کیا ۔
وفد کی طرف سے چنار کے درختوں کو گرانے پر تشویش کے اظہار کے ردِ عمل میں مشیر موصوف نے محکمہ پھول بانی کی ہدایت دی کہ وہ صوبائی و ضلع حکام کے ساتھ یہ معاملہ اٹھائے اور پچھلے تین برسوں کے دوران گرائے چنار کے پیڑوں کی تفصیلات حاصل کر کے رپورٹ پیش کریں ۔
رام بن کے پوگل علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک وفد جس کی قیادت ایم ایل اے رام بن وقار رسول کر رہے تھے ، نے ہائی سکول پوگل کو ہائیر سکینڈری سطح تک ترقی دینے کا مطالبہ کیا ۔
پرائیویٹ سکولوں کے ایک وفد جس کی قیادت شوکت چودھری کر رہے تھے ، نے نجی تعلیمی اداروں میں فیس فگزیشن کمیٹی کی طرف سے فیسوں کو باقاعدہ بنانے کے سلسلے میں معاملات اجاگر کئے ۔
ایڈوینچر ٹور اپریٹرز کا ایک وفد بھی مشیر موصوف سے ملاقی ہوا جس کی قیادت روف ترنبو کر رہے تھے ۔ اُن کے مطالبے کے ردِ عمل میں خورشید گنائی نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ وہ ایڈوینچر ٹورازم پر خصوصی توجہ دیں ۔
آنگ ، منگاڑ اننت ناگ کے ایک وفد نے متعلقہ علاقوں میں آبپاشی کی سہولیات کی عدم دستیابی کا مسئلہ اٹھایا ۔ مشیر موصوف نے ایس ای ہائیڈرالکس ساو ¿تھ سرکل کو موقعہ پر ہدایت دی کہ وہ ان دیہات کا دورہ کرتے ہوئے آبپاشی کی سہولیات یقینی بنانے کے اقدامات کریں ۔
مشیر موصوف نے پلوامہ اور شوپیاں کے ضلع ترقیاتی کمشنروں کو ہدایت دی کہ وہ ان اضلاع میں ریت ، پتھر ، بولڈر کو غیر قانونی طریقے سے نکالنے کے عمل کو روکنے کے اقدمات کریں ۔
پانچ گھنٹے طویل عوامی دربار کے دوران مشیر موصوف نے تمام وفود کے مطالبات بغور سُنے اور انہیں یقین دلایا کہ اُن کی شکایات کا ازالہ کیا جائے گا ۔ انہوں نے موقعہ پر ہی متعلقہ افسروں کو ہدایت دی کہ وہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کی طرف فوری دھیان دیں اور اُن کے مسائل حل کریں ۔
اس سے قبل خورشید گنائی نے گورنر کے شکائتی سیل سے تعلق رکھنے والے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی اور اُن سے اب تک موصول شدہ شکایات کے ازالے کے سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیلات طلب کیں ۔

Comments are closed.