فاروق شاہ نے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ رنگیل کا معائنہ کیا
سرینگر:سری نگر شہر کے لوگوں کو پینے کے پانی کی وافر مقدار کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے سیکرٹری صحت عامہ فاروق احمد شاہ نے آج واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ رنگیل کا دورہ کر کے اس کے کام کاج کا جائیزہ لیا۔
سیکرٹری موصوف نے20 ایم جی ڈی اور 10 ایم جی ڈی ریزروائیروں کا معائنہ کرنے کے علاوہ پانی کو صاف کرنے کے یونٹوں ، پھٹکر ٹینکوں، بلیچنگ یونٹ اور واٹر ٹسٹنگ لیبارٹری کا بھی معائنہ کیا۔
30 ایم جی ڈی واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی کارکردگی سے متعلق سیکرٹری موصوف کو بتایا گیا کہ اس پلانٹ سے سری نگر شہر کے سات لاکھ سے زائد نفوس کو پانی فراہم کیا جاتا ہے۔ سیکرٹری نے کہا کہ سری نگر شہر کو 90 ایم جی ڈی پینے کے پانی کی ضرورت رہتی ہے جبکہ رنگیل ، نشاط، السٹینگ، دودھ گنگا اور پادشاہی باغ پلانٹوں سے اس مانگ کے مقابلہ میں88 ایم جی ڈی پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
سیکرٹری موصوف نے کہا کہ سکھناگ اور نوہار واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹوں کی تکمیل سے شہر کو24 گھنٹے پانی مہیا کیا جاسکے گا۔ انہوں نے رنگیل واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو اپ گریڈ کرنے کےلئے تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ تیار کرنے کے لئے کہا۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فاروق احمد شاہ نے کہا کہ قدرت نے وادی کشمیر کو بے شمار آبی ذخائیر سے مالا مال کیا ہے اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان ذخائیر کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے انہیں آلودگی سے پاک رکھیں۔ انہوں نے صارفین سے تلقین کی کہ وہ پانی کا منصفانہ استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے ذخائیر کو تحفظ فراہم کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔
سیکرٹری نے کہا کہ محکمہ صحت عامہ لوگوں کو پینے کا صاپ پانی فراہم کرنے کا مکلف ہے۔ انہوں نے رنگیل واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کے گرد نواح کو صاف ستھر ا رکھنے کی تلقین کی۔
سیکرٹری نے انجنیئروں سے تلقین کی کہ وہ صارفین کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے محکمہ کے لئے زیادہ سے زیادہ آمدن حاصل کرنے کی غرض سے پانی استعمال کرنے والے صارفین کے کنکشنوں پر میٹر لگانے کے عمل میں سرعت لانے کے لئے بھی کہا۔دریں اثنا فاروق احمد شاہ نے رنگیل ٹریٹمنٹ پلانٹ میں کام کرنے والے ملازمین کے ساتھ تبادلہ خیال کے
دوران انہیں اپنے فرائض لگن و تندہی کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے ملازمین کے جائیز مطالبات کو پورا کرنے کا یقین دلایا ۔فاروق احمد شاہ نے کہا کہ پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے19 ٹینکر ہمہ وقت دستیاب رہتے ہیں اور لوگ پانی کی ضرورت پڑنے کی صورت میں فون نمبرات18001807027 یا2477207 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔
Comments are closed.