وِجے کمار نے بڈگام میں اِنٹر زُونل ڈسٹرکٹ سطح کے کھیل مقابلوں کا آغاز کیا

بڈگا م::گورنر کے مشیر کے وِجے کمار نے آج بڈگام میں یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس کے اہتمام سے اِنٹرزُونل ڈسٹرکٹ سطح کے کھیل مقابلوں کا آغاز کیا۔
ضلع سطح کے مقابلے کبڈی اور کھو کھو ( بوائز / گرلز14 سے 17برس)کے زمروں میں منعقد کئے جائیں گے جبکہ ڈاج بال ، نیٹ بال اور تھرو بال کے مقابلے 17سے 19برس کے کھلاڑیوں کے مابین منعقد ہوں گے۔
افتتاحی رسم کے موقعہ پر ڈپٹی کمشنر بڈگا م ڈاکٹر سید سحرش اصغر ، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس شیخ فیاض اور ایس ایس پی بڈگام تیجندر سنگھ کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے۔
کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے وِجے کمار نے ضلع میں اس طرح کی کھیل سرگرمیاں منعقد کرانے کے لئے یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس اور ضلع اِنتظامیہ کی کاوشوں کی سراہنا کی۔مشیر موصوف نے مقابلوں میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اِظہار کیا۔
اُنہوں نے نوجوانوں کو کھیل سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے سپورٹس کیلنڈر ترتیب دینے پر اطمینا ن کا اظہار کیا۔
بچوں کو کھیل سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تلقین کرتے ہوئے وِجے کمار نے کہا کہ ضلع کی ترقیاتی کمشنر خود بھی ایک کھلاڑی رہ چکے ہیں اور انہیں بچوں کے لئے ایک رول ماڈل کی حیثیت سے دیکھا جاناچاہیئے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے بچوں میں کھیلوں کے تعلق سے صلاحیت کی کوئی کمی نہیں ہے تاہم اُنہیں مناسب پلیٹ فارم مہیا کیا جانا چاہیئے۔
مشیر نے کہا کہ ریاست میں کھیلوں کے ڈھانچے اور سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے کے لئے مناسب اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ ریاست کے کھلاڑی ہر سطح پر کھیل مقابلوں میں حصہ لے سکیں۔
اس موقعہ پر گورنر کے مشیر نے ان کھلاڑیوں کی عزت افزائی کی جنہوں نے قومی یا بین الاقوامی سطح پر مختلف کھیل مقابلوں میں قابلِ قدر کارکردگی کا مظاہر ہ کیا ہے ۔ا ن میں برازیل میں منعقد ہوئی جونیئر ورلڈ ووشو چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کرنے والے محمد سلیم کمار ، مارشل آرٹ میں ایشین گولڈ میڈ لسٹ نور الحیا، ایشین سکے مارشل آرٹ میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والی آیت اہلام اور اسی چمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ حاصل کرنے والا محمد عاطف شامل ہیں۔
بڈگام میں آج سے شروع ہونے والی چمپئن شپ میں 12زونوں کے 1728سکولی بچے حصہ لے رہے ہیں۔منتخب بچوں کو ریاستی اور پرونشل سطح کے مقابلوں میں حصہ لینے کے لئے بھیجا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر نے ضلع کا دورہ کرنے کے لئے کے وجے کمار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشیر موصوف کے دورے سے ضلع کے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔

Comments are closed.