پاکستان کے الیکشن:تحریک انصاف کی کامیابی،عمران خان کی مذاکراتی پیشکش
سیاسی لیڈر،کرکٹر اورفلمی اداکارپُراُمید
فاروق عبداللہ،محبوبہ مفتی،پروفیسرغنی،رشی کپور،جاویدجعفری،کپل دیو اوردیگرکئی شخصیات کاردعمل
سری نگر:۲۷،جولائی: پاکستان کی قومی اسمبلی کے انتخابات میں کرکٹرسے سیاستدان بنے عمران خان کی پارٹی تحریک انصاف کی کامیابی اورعمران خان کی وزارت عظمیٰ عہدے کی جانب پیش قدمی پرہندوپاک کے سیاسی لیڈروں ،موجودہ وسابق کرکٹروں اوربالی ووڈکے نامی گرامی اداکاروں نے اپناردعمل ظاہرکرتے ہوئے عمران خان کے تئیں نیک خواہشات اظہارکیاہے جبکہ انہوں نے عمران خان کی جانب سے بھارت کومذاکرات کی پیشکش کئے جانے کابھی خیرمقدم کیا۔کے این این مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق پاکستان میں تحریک انصاف پارٹی کی غیر متوقع جیت پر نیشنل کانفرنس کے صدر اور جموں وکشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے عمران خان کو مبارکباد دی ہے۔فاروق عبداللہ نے میڈیا کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ عمران خان کا ہندوستان کے ساتھ رشتے بہتر کر کے تنازع سلجھانے والا بیان ان کی ذہانت کو ظاہر کرتا ہے۔ ڈاکٹرفاروق نے کہا کہ عمران خان نے ہندوستان کے ساتھ رشتے بہتر کرنے کے سلسلہ میں جو بیان دیا ہے اس پر عمل بھی کیا جائے۔اس دوران ایک اورسابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا’عمران خان کی جیت سخت محنت اور پختہ عزم کا ثمر‘۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور پاکستان کے نئے متوقع وزیر اعظم عمران خان کو عام انتخابات میں شاندار جیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جیت ان کی سخت محنت اور پختہ عزم کا ثمر ہے۔محبوبہ مفتی نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’’عمران خان کو جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ یہ جیت ان کی سخت محنت اور پختہ عزم کا ثمر ہے۔اس دوران پی ڈی پی لیڈر اور سابق وزیر چودھری ذوالفقار علی نے اُمید ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں عمران خان کی قیادت والی نئی حکومت برصغیر ایشیا میں امن اور استحکام کے لئے کام کرے گی۔ انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’امید کرتا ہوں کہ پاکستان میں عمران خان کی قیادت میں نئی حکومت برصغیر ایشیا میں امن و استحکام کے لئے کام کرے گی‘۔سینئرمزاحمتی لیڈراورمسلم کانفرنس کے چیئرمین پروفیسرعبدالغنی بٹ نے پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارت کومذاکرات کی پیشکش کئے جانے اورمسئلہ کشمیرکوپُرامن طورپرحل کرنے کی خواہش کاخیرمقدم کرتے ہوئے واضح کیاکہ ہندوپاک کے درمیان دوستانہ تعلقات سے نہ صرف یہ کہ دونوں ملکوں میں امن اورخوشحال کے عمل کوتقویت ملے گی بلکہ کشمیرمسئلے کے حل کی راہ بھی ہموارہوجائیگی۔ پاکستان کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرنے پر کرکٹ اور فلمی شخصیات نے کرکٹر سے سیاستداں بنے عمران خان کو اس تاریخی جیت پر مبارکباد دی ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیونے ایک نجی نیوزچینل کیساتھ بات کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کی ہمیشہ سے ہی اپنی ایک سوچ تھی ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے جس طرح کرکٹ کے میدان میں سخت محنت کرکے اس کھیل میں نام کمایا،اُسی طرح انہوں نے سیاست کے میدان میں22سال تک سخت جدوجہدکی ،اوراب اُنھیں اس میدان میں بھی بڑی کامیابی ملی ۔کپل دیونے عمران خان کومبارکبادپیش کرتے ہوئے کہاکہ اگراُنھیں حلف برداری کی تقریب میں شرکت کیلئے مدعوکیاگیاتووہ ضروراس دعوت پرغورکریں گے۔ہندوستان کے سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے ٹویٹ کرکے کہا کہ عمران نے اعلی مقام حاصل کرنے کے لئے جس ہدف کا تعین کیا تھا بالآخر اسے حاصل کرلیا۔ انہوں نے کہا’’ میرے کرکٹ کے ہیرو عمران کو مبارکباد اور نیک خواہشات‘‘۔پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ایک تاریخی جیت کے لئے عمران خان اور پی ٹی آئی کو مبارکباد۔انہوں نے کہاکہ 22 سال کی جدو جہد کا آج بہترین نتیجہ برآمد ہوا ہے۔ شاہد آفریدی نے عمران خان سے مخاطب ہوکرکہاکہ پاکستان کو آپ سے کافی امیدیں ہیں اور میں امید کرتا ہوں کہ آپ آگے بڑھ کر ہماری قیادت کریں گے۔بالی ووڈکے مشہور اداکار رشی کپور نے بھی ٹویٹ کرکے کہا کہ’ بڑھیا ‘۔’عمران خان آپ نے، جو ہندوستان، پاکستان کے بارے میں اب کہا ہے ، وہی بات میں گزشتہ دو دنوں سے سبھی چینلوں پر کہہ رہا ہوں۔رشی کپوارنے کہاکہ میں امید کرتا ہوں کہ آپ اپنے ملک اور میرے ملک کے درمیان اچھے رشتے بنا پائیں۔اداکار جاوید جعفری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عمران خان کو مبارکباد۔انہوں نے عمران خان سے مخاطب ہوکرکہاکہ’ آپ ایک عظیم کھلاڑی اور محنت کش سماجی خدمتگار رہے ہیں۔ جاویدجعفری نے کہاکہ مجھے امید ہے کہ آپ ایک سنجیدہ اوربہترین وزیراعظم ثابت ہوں گے جس سے نہ صرف پاکستان کو فائدہ ہوگا بلکہ ہند۔ پاک تعلقات بھی بہتر ہوں گے۔
Comments are closed.