540 میگاواٹ کوار پن بجلی پروجیکٹ کیلئے آر اینڈ آر منصوبہ منظور
کپواڑہ ، اکھنور، ریاسی اور آر ایس پورہ کیلئے ضلع سینک ویلفیئر دفاتر کے قیام کو منظور ی
سرینگر:۲۷،جولائی: ریاست انتظامی کونسل کی میٹنگ گورنر این این ووہرا کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔اس دوران ضلع کشتواڑ کی تحصیل ناگ سینی میں دریائے چناب پر بنائے جانے والے540 میگاواٹ کوار پن بجلی پروجیکٹ کے لئے رہیبلی ٹیشن اینڈ ری سیٹلمنٹ( آر اینڈ آر) منصوبے کو منظوری دی گئی۔کشن گنگا پن بجلی پروجیکٹ اور پکل ڈوپل پن بجلی پروجیکٹ کی طرز پر بنائے جانے والے اس منصوبے کی کُل لاگت3583.41 لاکھ روپے ہوگی۔اس پروجیکٹ کے لئے تین دیہات کی170.73 ہیکٹر زمین مطلوب ہے۔اس پروجیکٹ کو عملانے سے کُل63 کنبے متاثر ہوں گے جن میں سے29 کنبے منتقل کرنے ہوں گے۔ڈپٹی کمشنر ایک کمیٹی تشکیل دیں گے جو پروجیکٹ سے متاثر ہونے والے کنبوں کے حق میں معاوضہ کی بروقت فراہمی یقینی بنائے گی۔ادھرگورنر این این ووہر اکی صدارت میں منعقد ہ ریاستی انتظامی کونسل کی میٹنگ کے دوران کپواڑہ ، اکھنور، ریاسی اور آر ایس پورہ کیلئے ضلع سینک ویلفیئر دفاتر کے قیام اور ہر ایک ضلع سینک ویلفیئر دفتر کے لئے 8،آٹھ اسامیاں وجود میں لانے کو منظور ی دی۔اس وقت اکھنور ، آر ایس پورہ ، ریاسی اور کپواڑہ کے سابق فوجیوں اور ان کے افراد خانہ کو مختلف بہبودی خدمات سے استفادہ کرنے کے لئے جموں ، ادھمپور اور بارہمولہ میں قائم ضلع سینک ویلفیئر دفاتر کا رُخ کرنا پڑتا ہے۔نئے ضلع سینک ویلفیئر دفاتر کھولنے سے ان ضلعوں میں سابق فوجیوں اور ان کے افراد خانہ کو کافی فائدہ ہوگا اور انہیں مختلف قسموں کی سہولیات ان کے گھروں کے نزدیک دستیاب رہیں گی۔ضلع سینک ویلفیئر دفاتر میں کافی سہولیات میسر ہوتی ہے جن سے وہاں کے باشندے آسانی سے مستفید ہوسکتے ہیں۔اس فیصلے سے بالواسطہ یا بلا واسطہ طور پر 75,000 سابق فوجیوں اور ان کے 3.85لاکھ افراد خانہ کو فائدہ حاصل ہوگا۔
Comments are closed.