پاکستان ہر قیمت پر اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پُر عزم
مظلوم کشمیری عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری و ساری رہیگی /ڈاکٹر فیصل
سرینگر/27جولائی : پاکستان نے ایک بار پھر ہر قیمت پر اپنی سرزمین سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اسی دوران کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ مظلوم کشمیری عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہیگی ۔ سی این آئی مانیٹرنگ کے مطابق اسلام آباد میں پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ ملک میں کسی تفریق کے بغیر دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ تعاون انسداد دہشت گردی حکمت عملی کا حصہ ہے۔ترجمان نے یاددلایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کی کارروائیوں میں بڑے پیمانے پر اخراجات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی طرف سے روکے گئے پینتیس کروڑ ڈالر امداد نہیں تھی۔وہ دہشت گردی کے خلاف اخراجات کی مد میں ادا کئے جانے تھے۔امریکہ میں افغانستان کے سفیر کے پاک فوج کے خلاف بیان سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ پاک فوج نے خود کو خطے میں دہشت گردی کے خلاف سب سے موثر انداز میں کارروائی کرنے والی فوج ثابت کیا ہے اور ہر سطح پر پاک فوج نے گرانقدر قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف دہشتگردی کے خلاف لڑ رہا ہے بلکہ یہ جنگ جیت بھی رہا ہے۔کشمیر سے متعلق ذکر کرتے ہوئے پاکستانی دفتر خارجہ ترجمان نے کہا ہے کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مظلوم کشمیری عوام کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گاترجمان نے افغان ذرائع ابلاغ پر پاکستان کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا مہم پر بھی افسوس ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تعلیم کے شعبے میں ہمسایہ ملک سے غیرمعمولی تعاون کر رہا ہے۔
Comments are closed.