سب ڈسٹرکٹ اسپتال چرار شریف میں لیڈی ڈاکٹر کی عدم دستیابی

زچگی میں مبتلا خواتین کا احتجاج۔ اسپتال پر تالا چڑھایا

سرینگر25ٌؐ؍جولائی؍ : سب ڈسٹرکٹ اسپتال چرار شریف میں اُس وقت عجیب وغریب مناظر دیکھنے کو ملے جب خواتین مریضوں نے اسپتال پر تالا چڑھایا ۔ مظاہرین کے مطابق ڈپٹی کمشنر بڈگام نے اسپتال میں تعینات لیڈی ڈاکٹر کو دوسری جگہ تبدیل کیا ہے اور اب اسپتال میں زچگی میں مبتلا خواتین کا مرد ڈاکٹرز علاج ومعالجہ کیلئے دستیاب ہے جو ناقابل برداشت ہے۔ جے کے این ایس کے مطابق سب ڈسٹرکٹ اسپتال چرار شریف مریضوں اور تیمارداروں کیلئے وبال جان بن گیا ہے۔ نمائندے کے مطابق پچھلے تین روز سے سب ڈسٹرکٹ اسپتال چرار شریف میں زچگی میں مبتلا خواتین چکر کاٹ رہی ہے تاہم وہاں پر تعینات لیڈی ڈاکٹر کو ڈی سی صاحبہ کی ہدایت پر بڈگام تبدیل کیا گیا ہے اور چرار شریف اسپتال کی طرف رخ کرنے والی خواتین کو اوپر والے کے رحم وکرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ احتجاج کرنے والی خواتین کے مطابق چرار شریف کے دور افتادہ علاقوں سے وہ سب ڈسٹرکٹ اسپتال علاج ومعالجہ کیلئے آتی ہیں تاہم اسپتال میں تعینات لیڈی ڈاکٹر کو تبدیل کرنے کی وجہ سے انہیں اب پرائیوٹ کلینکوں میں علاج ومعالجہ کرانے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ مظاہرین کے مطابق لیڈی ڈاکٹر کی عدم دستیابی کے بارے میں جب اسپتال انتظامیہ سے سوال کیا گیا تو اُن کا کہنا تھا کہ وہ اب مرد ڈاکٹر سے علاج ومعالجہ کرائے جو ناقابل برداشت ہے۔ تنگ آمد بہ جنگ آمد کے مصداق خواتین نے سب ڈسٹرکٹ اسپتال چرار شریف پر تالا چڑھایا اور ڈپٹی کمشنر بڈگام کے خلاف کئی گھنٹوں تک احتجاجی مظاہرئے کئے۔

Comments are closed.