جنوری تامئی ساڑھے8لاکھ روپے کاجرمانہ وصول
7527افراد،دکانداروں ،ہوٹل مالکان کیخلاف کارروائی:صرف کرائم برانچ متحرک
سری نگر:۲۴،جولائی: ممنوعہ مقامات پرسگریٹ اوردیگرتمباکومصنوعات کے استعمال اورکاروبارکی روکتھام سے متعلق قانون COTPAکی خلاف ورزیو ں کے مرتکب عام شہریوں ،دکانداروں ،ہوٹل مالکان ،سرکاری ملازمین وافسروں کیخلاف مہم جاری رکھتے ہوئے ریاستی پولیس کی کرائم برانچ ونگ نے رواں سال کے پہلے5مہینوں کے دوران صوبہ جموں ،کشمیروادی اورلداخ میں 7527افراداورکاروباری مراکزبشمول دکانداروں اورہوٹل مالکان کیخلاف کارروائی عمل میں لاکراُن سے زائدازساڑھے8لاکھ روپے کی رقم بطورجرمانہ وصول کی ۔کے این این کے مطابق لگ بھگ ایک دہائی قبل جموں وکشمیرمیں ایک ایساسخت قانون لاگوکیاگیاتھا،جسکی پاسداری کامقصدعوامی مقامات پرسگریٹ ودیگرتمباکومصنوعات کے استعمال کویقینی بناناتھاجبکہ اس قانون کے تحت سبھی طرزکے تعلیمی اداروں کے اندراور100فٹ ے گردونوا ح میں سگریٹ نوشی اوراسکے کاروبارکوقابل سزاجرم بھی قراردیاگیا۔انسدادسگریٹ وتمباکونوشی وفروشی کیلئے بنائے گئے اس قانون کانام COTPAرکھاگیا،اور اس قانون میں الگ الگ سیکشنوں کے تحت عوامی مقامات بشمول بازاروں ،ہوٹلوں ،اسپتالوں ،مسافرگاڑیوں ،سرکاری ونجی دفاتراوردیگرایسی جگہوں پرسگریٹ نوشی اوردیگرتمباکومصنوعات کے استعمال اورکاروبار کوممنوعہ قراردینے کیساتھ خلاف ورزی کے مرتکب عام شہریوں ،دکانداروں ،سرکاری ونجی دفاترکے ذمہ داروں یامنتظمین اورہوٹل مالکان کیلئے جرمانہ بھی تفویض کیاگیا۔ریاستی سرکارنے کوٹپاپرعمل درآمدمیں پہلے پہل کافی دلچسپی لی ،اوراس قانون کی عمل آوری اورپاسداری کویقینی بنانے کیلئے محکمہ مال ،محکمہ صحت اورپولیس افسروں پرمشتمل ٹیمیں یااسکارڈتشکیل دئیے گئے ۔کچھ وقت تک بازاروں ،ہوٹلوں،اسکولوں وکالجوں اوراسپتالوں ومسافرگاڑیو ں میں کوٹپاکاخاصاچرچارہالیکن ’رات گئی بات گئی ‘یاکشمیر ی کہاوت’نوکتھ چھیہ نون دوہن روزان‘کے مصداق ارباب اقتدارکوٹپاکانام بھول گئے ،اورنامزدافسروں پرمشتمل اسکارڈبھی کہیں غائب ہوگئے ۔ہوٹلوں اوردفتری کمروں سے جن ایش ٹریزیاراکھداں کوہٹایاگیاتھا،وہ پھراپنی مقررہ جگہوں یعنی ٹیبلوں پرواپس لوٹ آئے ۔کوٹپاایسے چلاگیاجیسے کبھی آیاہی نہیں تھا۔بیشتر سرکاری حکام اپنی یہ ذمہ داری بھول گئے یاپھراس ذمہ داری سے منہ پھیرلیا۔تاہم ریاستی پولیس کی کرائم برانچ ونگ اس سب کے بیچ ممنوعہ مقامات پرسگریٹ اوردیگرتمباکومصنوعات کے استعمال اورکاروبارکی روکتھام کامحاذاکیلے سنبھالے ہوئے ہے۔کرائم برانچ کی آفیشل ویب سائٹ پرجومعلومات دستیاب ہیں ،اُن میں یہ بھی شامل ہے کہ کرائم برانچ نے رواں سال یعنی2018 کے پہلے5مہینوں کے دوران صوبہ جموں ،کشمیروادی اورلداخ میں 7527افراداورکاروباری مراکزبشمول دُکانداروں اورہوٹل مالکان کیخلاف کارروائی عمل میں لاکراُن سے زائدازساڑھے8لاکھ روپے کی رقم بطورجرمانہ وصول کی ۔کرائم برانچ ویب سائٹ پردستیاب معلومات کے مطابق ماہ جنوری 2018میں کرائم برانچ اورپولیس کی ٹیموں نے صوبہ جموں میں کوٹپاکی خلاف ورزی کرنے والے 408افرادکیخلاف کارروائی کرکے اُن سے 40300روپے بطورجرمانہ حاصل کیاجبکہ جنوری کے مہینے میں کشمیروادی بشمول لداخ میں93افرادکیخلاف کارروائی عمل میں لاکراُن سے 11800روپے کاجرمانہ لیاگیا۔فروری 2018میں صوبہ جموں میں خلاف ورزی کے مرتکب 709افرادسے 69850روپے طورجرمانہ وصول کیاگیاجبکہ اس دوران کشمیروادی اورلداخ میں 263افرادسے 42350روپے کاجرمانہ وصول کیاگیا۔مارچ 2018کے دوران کرائم برانچ اورپولیس کی ٹیموں نے جموں صوبہ کے مختلف اضلاع میں کوٹپاکی خلاف ورزی کرنے والے1113افرادکیخلاف کارروائی عمل میں لائی ،اوراُن سے109400روپے کاجرمانہ لیاگیا۔کشمیروادی اورلداخ میں مارچ 2018کے دوران437افرادسے68650روپے بطورجرمانہ وصول کیاگیا۔کرائم برانچ نے اپریل2018میں صوبہ جموں میں کوٹپاکی خلاف ورزی کرنے والے 1462افرادکیخلاف کارروائی عمل میں لاکراُن سے143350روپے بطوجرمانہ وصول کیاجبکہ اس دوران کشمیروادی اورلیہہ وکرگل میں کوٹپاکی خلاف ورزی کرنیوالے 548افرادسے86200روپے کاجرمانہ وصول کیاگیا۔مئی 2018میں صوبہ جموں میں کرائم برانچ اورپولیس کی ٹیموں نے 1858افرادکیخلاف کوٹپاکے تحت کارروائی عمل میں لائی ،اوراُن سے 188800روپے بطورجرمانہ وصول کیاجبکہ کشمیراورلداخ کے مختلف اضلاع میں اس دوران616افرادکیخلاف کوٹپاکے تحت ایکشن لیکراُن سے 94550روپے کاجرمانہ لیاگیا۔اس طرح سے کرائم برانچ نے رواں برس ماہ جنوری سے مئی کے اواخرتک پوری ریاست میں 7527افراد،دکانداروں اورہوٹل مالکان وغیرہ کیخلاف کوٹپاکے تحت کارروائی عمل میں لاکراُن سے8لاکھ55ہزار250روپے بطورجرمانہ وصول کیا۔
Comments are closed.