بھارت میں گائے ماتا محفوظ اور ہماری ماتا غیر محفوظ ہے ۔شیو سینا صدر ٹھاکرے

ہندوتا کے نظرئے پر بی جے پی اور شیو سینا کا گٹھ جوڑہے ،پھر ہندوتا کہاں ہے۔؟

سرینگر/23جولائی: دنیا بھر میں بھارت خواتین کیلئے سب سے غیر محفوظ ملک قراردیتے ہوئے شیو سینا کے صدر نے کہا کہ بھارت میں گائے ماتا محفوظ ہیں لیکن خواتین غیر محفوظ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کیا یہی ہندوتا ہے ہمیں شرم آنی چاہئے ۔ کرنٹ نیوز آف انڈیا کے مطابق شیو سینا کے صدر اُودھے ٹھاکرے نے ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں اپنی تقریر کے دوران کہا کہ دنیا بھر میں بھارت ایک ایسا ملک ہے جہاں خواتین سب سے زیادہ غیر محفوظ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں تو گائے ماتا محفوظ ہیں لیکن میری ماتا کا کیا؟ وہ محفوظ کیوں نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور شیو سینا کے درمیان گذشتہ 25برسو سے گٹھ جوڑ ہے اور وہ گٹھ جوڑ ہندوتا ، ملکی سلامتی اور دیگر معاملات پر ہوا تھا تاہم بھارت میں ہندوتا کہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گائے رکھشک کے نام پر بھارت خواتین کیلئے دنیا کا سب سے زیادہ خطرنا ک اور غیر محفوظ ملک بن گیا ہے ۔ جس پرہمیں شرم آنی چاہئے کیا یہی ہندووتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندو دھرم میں جہاں گائے کو تحفظ ملنا ضروری ہے وہیں پر ماتا کو بھی تحفظ ملنا چاہے اور ناری ہمارے معاشرے کا ایک اہم حصہ ہے جس کی حفاظت معاشرے کے ہر فرد پر لازمی ہے ۔ انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بھاجپا اپنے ایجنڈے سے ہٹ گئی ہے اور جس ایجنڈے پر وہ کام کررہی ہے اس سے ہندووتا کا قیام کبھی ممکن نہیں ہوسکتا ہے ۔ سی این آئی

Comments are closed.