بٹہ پورہ ماگام ہندواڑہ میں لشکر طیبہ کے غیر ملکی عسکریت پسند کو مار گرانے کا فوج نے دعویٰ کیا

مہلوک جنگجو کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے /پولیس ترجمان

سرینگر؍؍19جولائی؍ بٹہ پورہ ماگام ہندواڑہ میں سیکورٹی فورسز نے لشکر طیبہ سے وابستہ غیر ملکی جنگجو کو مار گرانے کا دعویٰ کیا ۔ پولیس ترجمان کے مطابق جھڑپ کی جگہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جونہی بٹہ پورہ ماگام ہندواڑہ میں جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اس دوران علاقے میں محصور عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔ نمائندے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی جس دوران ایک عسکریت پسند کو مار گرانے کا دعویٰ کیا گیا ۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں محصور جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان کافی دیر تک تصادم ہوا ۔ پولیس ترجمان نے اس ضمن میں بتایا کہ ہندواڑہ کے بٹہ پورہ ماگام گاؤں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا اس دوران علاقے میں محصور عسکریت پسندوں نے مشترکہ پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کی اور ایک دہشت گرد کو مار گرایا گیا۔ تصادم کے دوران سیکورٹی فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔جھڑپ کی جگہ برآمد شدہ دستاویزات سے پتہ چلا ہے کہ مہلوک عسکریت پسند پاکستان کا رہائشی ہے اور وہ کالعدم تنظیم لشکر طیبہ کیلئے کام کر رہا تھا۔ تصادم کی جگہ اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ہے۔ ادھر مقامی ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی جھڑپ کے دوران کئی ملی ٹینٹ فرار ہوئے جنہیں تلاش کرنے کیلئے سیکورٹی فورسز نے بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں میں لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ہے

Comments are closed.