محمد یاسین ملک کو پھر حراست میں لیا گیا
رمضانِ مقدس کے پہلے ہی روز گرفتاریاں،بھارتی جمہوریت کا اصل چہرہ :لبریشن فرنٹ
سری نگر:۱۷،مئی/ لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے۔یاسین ملک شہید ملت میرواعظ محمد فاروق اور شہید حریت خواجہ عبدالغنی لون کی یاد میں منعقدہ سمینار اور مشترکہ مزاحمتی قیادت کی میٹنگ میں شرکت کے بعد جیسے ہی لبریشن فرنٹ دفتر آبی گزر پر پہنچے تو پولیس کی بھاری جمعیت نے دفتر کا گھیراؤ کیا اور یاسین ملک کو گرفتار کرکے لے گئے۔ گرفتاری کے بعد انہیں کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ہے۔کے این این کو موصولہ بیان کے مطابق گرفتاری سے قبل لبریشن فرنٹ کے دفتر کے باہر موجود میڈیا نمائندگان سے باتیں کرتے ہوئے محمد یاسین ملک نے کہا کہ آج رمضان المبارک کا پہلا ہی دن ہے اور اس متبرک مہینے کے پہلے ہی دن انہیں گرفتار کیا جارہا ہے۔ یہ دراصل جموں کشمیر میں قائم بھارتی جمہوریت کا اصل چہرہ ہے جس نے یہاں ہر قسم کی سیاسی کاوشوں پر زمین تنگ کرکے سیاسی پروگرام تو کجا ماتم داری، تعزیت پرسی اور جنازوں میں شرکت تک پر بھی پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر روز اور ہر ساعت ہمارے نونہالوں کا خون بہایا جارہا ہے،انہیں زخمی کیا جاتا ہے، انہیں اندھا کیا جارہا ہے، انہیں ٹارچر کرکے جیلوں کی زینت بنایا جارہا ہے اور جس بھی انداز میں ممکن ہو ان کی تذلیل و تحقیر کی جارہی ہے۔ حد یہ ہے کہ ظلم و جبر کی یہ انتہا اور فسطائیت کا یہ قبیح کھیل جمہوریت اور امن امان کے نام پر جاری ہے اور یہی چیز اس کی قباحت میں مذید اضافہ کئے دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ قیادت نے ۱۹ مئی کے روز بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی آمد پر مکمل احتجاجی ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ظلم و جبر، قتل و غارت، گرفتاریوں کے سلسلے اور تعدی کے خلاف لال چوک میں آکر ایک پرامن احتجاجی دھرنے کا حصہ بنیں۔اس پرامن احتجاج کو منعقد کرنے کی اجازت دینے کے بجائے نام نہاد حاکموں نے رمضان المبارک کے پہلے ہی روز سے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ قتل و غارت کے لامتناہی سلسلے، ظلم و جبر کے بڑھتے ہوئے اندھیروں،گرفتاریوں کے ناختم ہونے والے چکراور تذلیل و تحقیر کے حربوں کے باوجود ہماری مقدس تحریک آزادی جاری رہے گی اور منزل مقصود کے حصول کی راہ میں آنے والی کسی بھی مصیبت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جاتا رہے گا۔درایں آثناء فرنٹ نے ماہر تعلیم بشیر احمد ڈار کی والدا نسبتی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔مرحومہ معروف سماجی رکن حاجی عبدالعزیز کی والدہ تھیں ۔ فرنٹ کے قائد اشرف بن سلام نے مرحومہ کے گھر جاکر اُن کے لواحقین تک اسیر فرنٹ چےئرمین محمد یاسین ملک کا تعزیت پیغام پہنچایا اور مرحومہ کی جنت نشینی کے ساتھ ساتھ اُن کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا ئیں کیں ۔
Comments are closed.