بڈگام کے وڈون علاقے میں دن دھاڑے گاڑ ڈپوسٹ پر جنگجو ئوں کا حملہ ،پولیس اہلکار ہلاک

حملے کے بعد علاقے میں پُر تشدد جھڑپیں ، نوجوان زخمی ، اونتی پورہ میں شبانہ فائرنگ کے بعد تلاشی آپریشن

سرینگر/11مئی /سی این آئی وسطی ضلع بڈگام کے وڈون علاقے میں جمعہ کی دوپہر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب مسلح جنگجوئوں نے پولیس کے گارڈ پوسٹ پر حملہ کرکے شدید فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جنوبی ضلع کولگام کے یاری پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والا پولیس اہلکار ہلاک ہو گیا ۔ ادھر فائرنگ واقعہ کے بعد علاقے میں فورسز اور مظاہرین کے درمیان پُر تشدد جھڑپیں ہوئی جس کے نتیجے میں کئی نوجوانوں کو چوٹیں آئی ۔ اسی دوران گزشتہ شب اونتی پورہ میں جنگجوئوں کی طرف سے سی آر پی ایف گاڑی پر فائرنگ کے بعد فورسز نے اونتی پورہ کے کئی علاقوں کا جمعہ کی صبح محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی عمل میں لائی ۔ سی این آئی کے مطابق وڈون بڈگام علاقے میں جمعہ کو اس وقت گولیوں کی گن گرج سنائی دی جب علاقے میں قائم حفاظتی پوسٹ پر مسلح جنگجوئوں نے حملہ کرکے اندھا دھند گولیاں چلائی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جنگجو جن کی تعداد دو سے تین بتائی جا رہی ہے نے گارڈ پوسٹ پر نزدیک سے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ تعینات پولیس اہلکار جس کی شناخت شمیم احمدبیلٹ نمبر 843ساکنہ یاری پورہ کولگام کے بطور ہوئی گولیاں لگنے سے خون میں لت پت وہی گر پڑا ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اگرچہ مذکورہ پولیس اہلکار کو علاج و معالجہ کیلئے نزدیکی اسپتا ل پہنچایا گیا تاہم ڈاکٹرو ں نے اسے وہاں مردہ قرار دیا ۔ اسی دوران فورسز کی اضافہ نفری علاقے میں پہنچ گئی جنہوں نے پورے علاقے کو محاصرہ میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کی تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ۔ ادھر پولیس ترجمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جنگجوئوں نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ چھین لینے کی کوشش میں گارڈ پوسٹ پر حملہ کرکے فائرنگ کی جس کے جواب میں وہاں تعینات پولیس اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی ۔انہوں نے بتایا کہ جنگجوئوں کی کوشش کو ناکام بنایا گیا ۔ ترجمان کے مطابق جنگجوئوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا جس کے بعد اگرچہ انہیں علاج و معالجہ کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا ۔ اسی دوران معلوم ہوا ہے کہ جونہی علاقے میں حملہ کی خبر پھیل گئی تو وہاں فورسز کی بھاری کمک نمودار ہوئی جنہوں نے علاقے میں تلاشی کارروائیاں شروع کی ۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ تلاشی کارروائی کے دوران علاقے میں نوجوانوں کی ٹولیوں نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرئے کئے جس دوران مظاہرین کا فورسز نے تعاقب کیا جس پر وہ مشتعل ہوئے اور انہوں نے فورسز پر سنگبازی کی جس کے جواب میں فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ اور پیلٹ فائرنگ کا استعمال کیا ۔معلوم ہوا ہے کہ پُر تشدد احتجاجی مظاہروں کے دوران عادل میر ساکنہ گلوان پورہ نامی نوجوان زخمی ہو گیا جس کو اگرچہ علاج و معالجہ کیلئے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مزید علاج کیلئے سرینگر ریفر کیا ۔اسی دوران جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو اونتی پورہ کے زیارت شریف کے نزدیک اس وقت سنسنی پھیل گئی جب جنگجوئوں نے سی آر پی ایف کی گاڑی کو نشانہ بنا کر فائرنگ کی تاہم کسی جانی نقصا ن کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔ معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ واقعہ کے بعد جمعہ کی اعلیٰ صبح فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی عمل میں لائی تاہم کسی کی گرفتاری کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔

Comments are closed.