ٹہاب پلوامہ میں سی آر پی ایف پارٹی پر دن دھاڑے گرینیڈ حملہ ،

ایک اہلکار زخمی ، علاقے میں خوف و ہراس کی لہر

سرینگر /07مئی/ جنوبی ضلع پلوامہ کے ٹہاب علاقے میں سوموار کی دوپہر اس وقت خوف و دہشت پھیل گئی جب جنگجوؤں نے دن دھاڑے سی آر پی ایف کی پارٹی کو نشانہ بنا کر گرینیڈ داغا جو نشانہ چوک کر ایک زور دار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میںایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہو گیا ۔ اس ضمن میں سی این آئی نمائندے نے پلوامہ سے پولیس ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹہاب پلوامہ میں سوموار کو اس وقت افراتفری پھیل گئی جب ایک خوفناک گرینیڈ دھماکہ ہوا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جنگجوؤں نے نامعلوم سمت سے سی آر پی ایف کی گشتی پارٹی کو نشانہ بنانے کیلئے کے غرض سے ہتھ گولہ داغا جو نشانہ چوک کرسڑک پر ایک طاقتور دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا۔دھماکے کی آواز سنتے ہی آس پاس کے علاقوں میں اتھل پتھل مچ گئی۔اسی دوران پولیس اور فورسز کی مزید کمک وہاں نمودار ہوئی اورگرد و نواح کے علاقوں کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گرینیڈ کے دھماکے کے نتیجے میںایک فورسز اہلکار زخمی ہوگیا جس کو علاج و معالجہ کیلئے نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔جبکہ گرنیڈ کی آہنی ریزوں سے کئی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچ گیا ہے۔گرینیڈ حملے کے فوراً بعد پولیس ،سی آر پی ایف اور فوج کے سینئر افسران بھی جائے واردات پر پہنچ گئے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ حملہ آوروں کو ڈھونڈ نکالنے کیلئے تلاشی کارروائی کی نگرانی کی۔تاہم تلاشی کارروائی کے دوران کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

Comments are closed.