ہارون بومئی سوپور میں بندوق بردار وں نے میاں بیوی پر بندوقوں کے دہانے کھولے

شوہر موقعے پر ہی ہلاک ، بیوی کی حالت تشویشناک ، علاقے میں خوف ودہشت

سرینگر04؍مئی؍ یو پی آئی ؍؍ ہارون بومئی سوپور میں نامعلوم بندوق بردار رہائشی مکان میں گھس گئے اور میاں بیوی پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ زخمیوں کو فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے شوہر کو مردہ قرار دیا۔پولیس ترجمان کے مطابق ملی ٹینٹوں نے میاں بیوی پر فائرنگ کی ہے ۔ خبر رساں ایجنسی یو پی آئی کے مطابق ہارون بومئی سوپور میں اُس وقت سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا جب نامعلوم بندوق بردار رہائشی مکان میں گھس گئے اور میاں بیوی پر اندھا دھند فائرنگ کی ۔ حملے میں 32سالہ محمد اشرف میر ولد محمد جمال اور اُس کی بیوی سائمہ بیگم شدید طورپر زخمی ہوئیں جنہیں فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے محمد اشرف میر کو مردہ قرار دیا۔ نمائندے نے اسپتال ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ مہلوک شخص کی بیوی سائمہ بیگم کو نازک حالت میں سرینگر منتقل کیا گیا کیونکہ خاتون کے جسم میں کئی گولیاں پیوست ہوئیں ہیں۔ پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شام دیر گئے ہارون بومئی سوپور میں ملی ٹینٹ رہائشی مکان میں گھس گئے اور میاں بیوی پر فائرنگ کی ۔ پولیس ترجمان کے مطابق شوہر کی موقعے پر ہی موت واقع ہوئی جبکہ بیوی کو مزید علاج ومعالجہ کی خاطر اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی گئی ہے۔

Comments are closed.