سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان جھڑپ کے بیچ مظاہرین پر راست فائرنگ ایک عام شہری ہلاک درجن بھر شدید طورپر
رہائشی مکان میں حزب کمانڈر سمیت تین جنگجو پھنس کر رہ گئے ہیں، علاقے کی طرف مزید فورسز کو بھیجا گیا ہے /دفاعی ذرائع
سرینگر؍02؍مئی؍ جے کے این ایس؍ تراکہ وانگام شوپیاں میں عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان شدید تصادم ۔ سیکورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے دوران ایک دفعہ پھر راست فائرنگ ایک نوجوان موقعے پر ہی ہلاک 9شدید طورپر زخمی ۔ شوپیاں میں شہری ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی کولگام ، شوپیاں اور پلوامہ میں لوگوں نے سڑکوں پر آکر احتجاجی مظاہرئے کئے۔ دفاعی ذرائع کے مطابق رہائشی مکان میں حزب کمانڈر سمیت 3جنگجو پھنس کر رہ گئے ہیں جنہیں مار گرانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ جے کے این ایس کے مطابق سہ پہر تین بجے کے قریب سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پہاڑی ضلع شوپیاں کے تراکہ وانگام گاؤں کو جونہی محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کارروائی شروع کی اس دوران رہائشی مکان میں محصور جنگجوؤں اور فورسز کے درمیان گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ نمائندے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں میں چار دائروں والی سیکورٹی تعینات کرکے لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندی عائد کی ۔ معلوم ہوا ہے کہ سخت ترین پابندیوں کے باوجود آس پاس علاقوں کے لوگ گھروں سے باہر آئے اور تراکہ وانگام کی طرف پیش قدمی شروع کی ۔ نمائندے کے مطابق جونہی لوگ گاؤں کے نزدیک پہنچنے اس دوران پہلے سے تعینات سیکورٹی فورسز نے تشدد پر اُتر آئی بھیڑ کو منتشر کرنے کیلئے اشک آور گیس کے گولوں کے ساتھ ساتھ پلیٹ فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان کے جسم میں سینکڑوں پلیٹ چھرے پیوست ہوئے اور اُس کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا۔ نمائندے کے مطابق لوگوں کے تیور دیکھ کر سیکورٹی فورسز نے راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک درجن کے قریب افراد زخمی ہوئے جن میں سے بعد میں عنایت احمد ملہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ ذرائع نے بتایا کہ پلیٹ اور بلٹ فائر کرنے کے نتیجے میں 30کے قریب افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پولیس ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تراکہ وانگام شوپیاں میں جھڑپ جاری ہیں ۔ پولیس ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ گولیوں کے تبادلے میں ایک عام شہری زخمی ہوا جس کو نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ۔ پولیس ترجمان نے عام شہریوں سے جھڑپ کی جگہ نہ جانے کی صلاح دی ہے۔ دفاعی ذرائع نے جھڑپ کے سلسلے میں بتایا کہ حزب کمانڈر اور اُس کے ساتھیوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جونہی تراکہ وانگام گاؤں کو محاصرے میں لیاجنگجو مخالف آپریشن شروع کیا اس دوران رہائشی مکان میں محصور عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر فائرنگ کی ۔ دفاعی ذرائع نے بتایا کہ جھڑپ جاری ہے اور اس سلسلے میں مزید تفصیلات کا انتظار ہیں۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ جھڑپ کی جگہ زور دار دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ رہائشی مکان میں محصور جنگجو ؤں کو مار گرایا گیا ہے ۔ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حزب کمانڈر چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوا تاہم اُس کے ساتھی رہائشی مکان میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
Comments are closed.