زاورہ شوپیان میں اسکول کی گاڑی پر پتھرائو ، دو کمسن طالب علم زخمی

وزیر اعلیٰ سمیت دیگر کئی تنظیموں کی واقعہ پر اظہار برہمی ، کہا ملوثین کو سخت سزا دی جائے

سرینگر/ 02مئی پہاڑی ضلع شوپیان کے مضافاتی علاقہ میں بدھ کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب شر پسند عناصر نے اسکول کی گاڑی پر پتھرائو کیا جس کے نتیجے میں دو کمسن طالب علم زخمی ہو گئے جن کو علاج و معالجہ کیلئے نزدیکی اسپتا ل منتقل کیا گیا ۔ ادھر ریاستی وزیر اعلیٰ ، سابق وزیر اعلیٰ اور دیگر کئی لیڈران نے واقعہ کی پُر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ ملوثین کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔سی این آئی کے مطابق شوپیان کے زورہ علاقے میں بدھ کی صبح اس وقت افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب چند شر پسند افراد نے رینبو انٹرنیشنل اسکول کی اسکولی گاڑی کو نشانہ بنا کر اس پر پتھرائو کیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دوسری جماعت کے دو طالب علم زخمی ہو گئے جبکہ گاڑی کے شیشے چکنا چور ہو گئے ۔ بتایا جاتا ہے کہ زخمی طالب علم کو جلد ہی نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد انہیں گھر روانہ کیا گیا ۔ اسی دوران پولیس نے مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ’شرپسندوں نے رینبو سکول شوپیان کی گاڑی پر پتھراؤ کرکے دوسری جماعت کے طالب علم ریحان کو زخمی کردیا۔ادھر واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے واقعہ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا ’شوپیان میں سکولی بس پر پتھراؤکے واقعہ کے بارے میں جان کر حیران اور پریشان ہوں۔ اس بزدلانہ حرکت کے ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا‘۔ نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ نے ٹویٹ میں لکھا ’پتھربازوں کو عام معافی دینے کا مقصد مناسب رویہ کو جنم دینا تھا۔ ان میں سے کچھ غنڈے اس معافی کو مزید پتھراؤ کرنے کے لئے استعمال کررہے ہیں‘۔ اس واقعہ سے قبل بدھ کے روز اننت ناگ پہلگام روڑ پر پیش آئے ایک واقعہ میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے چھ سیاحوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں۔

Comments are closed.