آج جموں و کشمیر میں تبدیلی 5 اگست 2019 کی تاریخی تبدیلیوں کا نتیجہ / منوج سنہا

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں دہشت گردی کے متاثرین کے لواحقین کو تقرری نامے سونپے۔ انہوں نے 37 قریبی لواحقین کو تقرری نامے سونپے جنہیں دہشت گردوں نے بے رحمی سے قتل کر دیا تھا۔ اس موقعہ پر خطا ب کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر موج سنہا نے کہا کہ اس تاریخی دن دہشت گردی کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑا ہونا ان کے لیے باعث اعزاز ہے اور یہ محض تقرری ناموں کی فراہمی نہیں بلکہ شہداءکو یاد کرنے، دہشت گردی کے متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کرنے اور قوم کے عزم کی تجدید کا موقع ہے۔

لیفٹنٹ گورنر نے کہا، ”میں دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کو دلی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور ان خاندانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے کئی دہائیوں کی اذیت اور انتظار کے بعد آج ایسے تقرری نامے اپنے ہاتھوں میں تھامے ہیں جو ان کے وقار اور روزگار کو بحال کرتے ہیں“۔سنہا نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں تک دہشت گردی کے متاثرہ خاندانوں کا درد نظر انداز رہا اور ان کے زخموں کو دیکھا نہیں گیا۔ دہشت گردی نے گھروں کو اجاڑ دیا اور مستقبل کو غیر یقینی میں دھکیل دیا۔ کوئی بھی اعداد و شمار دہشت گردی کے متاثرہ خاندانوں کی اذیت اور تکلیف کو بیان نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ یہ درد ان یادوں اور ان لوگوں کی خاموش برداشت میں زندہ ہے جنہوں نے ناقابلِ برداشت نقصان کے باوجود اپنی زندگی جاری رکھی۔انہوں نے کہا ” آج کے تقرری نامے محض ملازمت کی دستاویزات نہیں بلکہ سماجی انصاف، اعتراف اور قوم کے اس مقدس عہد کی علامت ہیں کہ اس کے شہداءکوکبھی فراموش نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ان کے خاندانوں کو تنہا چھوڑا جائے گا۔“انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا عزم فیصلہ کن اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے۔ 5 اگست 2019 کے بعد ہم نے بڑی حد تک دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو ختم کیا، قانون و نظم کو مضبوط بنایا، مساوی حقوق بحال کیے اور ایسے مواقع پیدا کیے جن سے خاندان اعتماد کے ساتھ اپنی زندگیوں کو دوبارہ تعمیر کر سکیں۔منوج سنہا نے کہا”آج جموں و کشمیر میں جو تبدیلی ہم دیکھ رہے ہیں وہ 5 اگست 2019 کی تاریخی تبدیلیوں کا نتیجہ ہے۔

Share This Article
تعمیل ارشاد جموں و کشمیر کا ایک معتبر اردو روزنامہ ہے جو دہائیوں سے غیر جانب دار اور مصدقہ خبریں فراہم کر رہا ہے۔
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے