وادی کشمیر میں جاری خراب موسمی صورتحال کے بیچ موسم کا قہر جاری ہے ۔ تازہ واقعات میں شمالی ضلع کپواڑہ اور جنوبی ضلع اننت ناگ اضلاع میں بادل پھٹنے کے واقعات کے بعد اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے نتیجے میں لولاب کے ہملی علاقے میں خاتون جاں بحق ہوگئیں جبکہ متعدد مقامات پر سڑکوں اور پلوں کو نقصان پہنچنے سے آمدورفت متاثر ہوئی۔
پولیس کے مطابق کپواڑہ ضلع کے لولاب علاقے کے ہملی میں بادل پھٹنے کے بعد اچانک پانی کا شدید بہاو¿ آیا، جس کی زد میں آکر ایک خاتون جاں بحق ہوگئیں ، جاں بحق خاتون کی شناخت نسیمہ بیگم زوجہ محمد ایوب ساکنہ ورنو کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ بادل پھٹنے کے نتیجے میں علاقے میں اچانک پانی کی سطح میں اضافہ ہوا، جس کے بعد خاتون کی تلاش کیلئے بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔ تلاش کے دوران نسیمہ بیگم کی لاش برآمد کرلی گئی۔حکام کے مطابق واقعے کے بعد علاقے میں نقصانات کا جائزہ لینے کا عمل جاری ہے، جبکہ مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔