تازہ بارشوں کے چلتے سرینگر جموں شاہراہ پر تازہ پسیاں گر آئی جس کے نتیجے میں شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت بند ہوئی ۔حکام نے بتایا کہ ڈاول سلائیڈ پوائنٹ پر شاہراہ فی الحال سنگل کیریج وے میں تبدیل ہوچکی ہے، جبکہ مسلسل بارش کے نتیجے میں سڑک کی سطح پر مٹی جمع ہونے سے صورتحال مزید خطرناک ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پھسلن کے باعث گاڑیوں کے گزرنے سے حادثات کا خدشہ پیدا ہوگیا، جس کے پیش نظر ٹریفک کو دونوں سمتوں سے روکنے کا فیصلہ کیا گیا۔حکام کے مطابق شاہراہ کو جلد از جلد قابل آمدورفت بنانے کے لیے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا کی ٹیمیں بھاری مشینری کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور بحالی کے کام کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ٹریفک کی صورتحال کو منظم کر رہے ہیں۔
حکام کے مطابق سڑک سے کیچڑ اور ملبہ ہٹانے اور شاہراہ کو محفوظ بنانے کا کام جاری ہے، تاہم مسافروں کی سلامتی کے پیش نظر انہیں ہدایت دی گئی ہے کہ شاہراہ پر اس وقت تک سفر شروع نہ کریں جب تک شاہراہ کو مکمل طور پر صاف کرکے ٹریفک کے لیے محفوظ قرار نہیں دیا جاتا۔ٹریفک حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم اور شاہراہ کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور سرکاری تصدیق کے بغیر سوشل میڈیا یا دیگر ذرائع سے پھیلنے والی افواہوں پر یقین نہ کریں۔