قدرتی نظام کو تباہ کرنا مستقبل کو خطرے میں ڈالنا ،تحفظ میں روشن مستقبل کی سرمایہ کاری مضمر / منوج سنہا

لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اونتی پورہ کی جانب سے ہمالیائی خطے میں قدرت پر مبنی حل کے ذریعے موسمیاتی لچک اور روزگار کے ذرائع کو مضبوط بنانے کے موضوع پر منعقدہ کانفرنس میں شرکت کی۔اس موقع پر لیفٹنٹ گورنر نے یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس میں سول و مکینیکل انجینئرنگ بلاک، لارنو کیمپس اور لاءاسکول کا افتتاح بھی کیا۔

انہوں نے آئی یو ایس ٹی کی مختلف پہلوں کو سراہتے ہوئے منشیات سے پاک جموں و کشمیر مہم کے حوالے سے یونیورسٹی کی جانب سے تیار کردہ پالیسی بریف کی بھی تعریف کی۔اپنے خطاب میں منوج سنہا نے ہمالیائی خطے میں موسمیاتی تبدیلی کی بڑھتی ہوئی رفتار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال جنوری سے اگست کے دوران ہمالیہ میں تقریباً ہر روز کوئی نہ کوئی قدرتی آفت رونما ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھی اچانک سیلاب اور بادل پھٹنے کے واقعات سے سڑکوں، پانی کی فراہمی کے منصوبوں اور بجلی کے فیڈرز سمیت اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ ترقی اور تحفظ ماحول ایک دوسرے کے مخالف نہیں بلکہ قدرت خود ایک بنیادی ڈھانچے کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ واٹرشیڈ کی تعمیر سیلاب پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ پانی صاف کرنے اور آبپاشی کے نظام کی بنیاد بھی فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آبی دلدلی علاقے قدرت کے وسیع ذخائر ہیں، جو مون سون کے دوران اضافی پانی جذب کرتے ہیں اور خشک مہینوں میں اردگرد کے علاقوں کو پانی فراہم کرتے ہیں۔ اسی طرح گھنے جنگلات سے ڈھکی پہاڑی ڈھلوانیں مضبوط حفاظتی دیوار کی مانند کام کرتی ہیں اور پہاڑوں کو بستیوں پر گرنے سے روکتی ہیں۔منوج سنہا نے کہا کہ قدرتی نظام کو تباہ کرنا دراصل اپنے مستقبل کو خطرے میں ڈالنا ہے، جبکہ ان کے تحفظ اور بحالی میں ایک روشن مستقبل کی سرمایہ کاری مضمر ہے۔لیفٹنٹ گورنر نے سائنسدانوں اور ماہرین پر زور دیا کہ وہ فطرت پر مبنی حل کو ترقیاتی منصوبہ بندی کے حاشیے سے نکال کر اس کے مرکز میں لائیں۔

Share This Article
تعمیل ارشاد جموں و کشمیر کا ایک معتبر اردو روزنامہ ہے جو دہائیوں سے غیر جانب دار اور مصدقہ خبریں فراہم کر رہا ہے۔
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے