رپورٹ : مجید شیری
سماجی بہبود کی وزیر سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت نے دوران سروس فوت ہونے والے آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کے لواحقین کو ہمدردانہ بنیادوں پر تقرریاں دینے کیلئے کابینہ میمو تیار کرلیا ہے۔
بارہمولہ میں منعقدہ ایک بیداری پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سکینہ ایتو نے کہا کہ اس تجویز کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ دوران ملازمت فوت ہونے والے آنگن واڑی ورکر یا ہیلپر کے خاندان کے کسی ایک فرد کو نئی تشہیر یا اشتہار جاری کیے بغیر تقرری میں ترجیح دی جائے۔
وزیر نے کہا کہ کابینہ میمو تیار ہے اور مزید منظوری کیلئے اسے کابینہ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ایتو نے آنگن واڑی ورکروں اور ہیلپروں کو ملنے والے کم اعزازیے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی سابقہ حکومتوں نے ان کی فلاح و بہبود کیلئے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2008 سے 2014 کے دوران وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے آنگن واڑی ورکروں کے اعزازیے میں اضافہ کیا تھا۔