آپریشن سندور‘ دہشت گردی کےخلاف ہندوستان کا سخت ردِعمل اور سلامتی کے تئیں غیر متزلزل عزم کی علامت: وزیراعظم مودی

وزیراعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ’آپریشن سندور‘ دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے پختہ ردِعمل اور قومی سلامتی کے تئیں غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

’آپریشن سندور‘ کی پہلی برسی کے موقع پر جمعرات کو سوشل میڈیا پر اپنی ایک پوسٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم ہماری افواج کی بہادری کو سلام پیش کرتی ہے۔ وزیراعظم مودی نے تحریر کیا، "ایک سال قبل ہماری مسلح افواج نے آپریشن سندور کے دوران بے مثال ہمت، درست حکمت عملی اور پختہ عزم کا مظاہرہ کیا تھا۔ انہوں نے اُن عناصر کو منہ توڑ جواب دیا جنہوں نے پہلگام میں بے گناہ ہندوستانیوں پر حملہ کرنے کی جرأت کی تھی۔”

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ’آپریشن سندور‘ نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے سخت موقف اور قومی سلامتی کے تحفظ کے تئیں ہمارے پختہ عزم کو ثابت کیا۔ اس مہم نے ہماری مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاریوں اور مربوط طاقت کو بھی اجاگر کیا۔ ساتھ ہی، اس نے افواج کے درمیان بڑھتے ہوئے تال میل کو ظاہر کیا اور یہ واضح کیا کہ دفاعی شعبے میں ہندوستان کی خود انحصاری کی کوششوں نے ہماری قومی سلامتی کو کتنی مضبوطی فراہم کی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آج ایک سال بعد بھی ہندوستان دہشت گردی کو شکست دینے اور اس کے معاون نظام کو تباہ کرنے کے اپنے ارادے پر پہلے کی طرح قائم ہے۔

Comments are closed.