لیفٹنٹ گورنر نے گھگوال میں شری نرسنگھ دیو سنسکرت گوروکل کا اِفتتاح کیا
جموں/06مئی
لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج گھگوال کے قدیم شری نرسنگھ دیو مندر میں شری نرسنگھ دیو سنسکرت گوروکل کا اِفتتاح کیا۔
اُنہوں نے نکشتر پارک اور یوگا دھیان کیندر کو بھی عوام کے نام وقف کیا اور شری نرسنگھ دیو پبلک لائبریری اور اوپن ایئر ایمفی تھیٹر کا سنگِ بنیاد رکھا۔
لیفٹیننٹ گورنر نے سکالروں ، طالب علموں اور معزز شہریوں کے ایک اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شری نرسنگھ دیو سنسکرت گوروکل کا قیام ہندوستان کی تہذیبی جڑوں سے بامعنی جڑنا ہے۔اُنہوں نے کہا،”یہ ثقافتی احیاءاور قدیم ہندوستانی علمی روایت کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔“
اُنہوں نے کہا کہ گھگوال کی سرزمین تاریخی طور پر علم کا ایک اہم مرکز رہی ہے جہاں ویدک تعلیمات کو فروغ ملا اور گورو۔ششیہ روایت پروان چڑھی جو طلبا¿کو طرزِزِندگی، تنقیدی سوچ اور حق کی تلاش میں رہنمائی فراہم کرتی رہی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے ہندوستان کی سائنس، اِختراعات اور ٹیکنالوجی میں تیز رفتار ترقی کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی اصل طاقت ا س کے ثقافتی شعور میں پنہاں ہے اور سنسکرت اخلاق اور فرض پر مبنی متوازن سوچ فراہم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
اُنہوںنے کہا کہ سنسکرت صدیوں سے اِنسانیت کے لئے بنیادی اَقدار اور علمی نظام کا سرچشمہ رہی ہے۔ اُنہوں نے قدیم سکالر جیسے کوٹیلیہ ، چرک، سشروت، بھاسکر آچاریہ، برہماگپت، آریہ بھٹ اور وراہمہر کے ریاضی ، طب او رفلسفے کے عالمی روایات کی تشکیل میں عظیم کارناموں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
منوج سِنہا نے اِس بات پر زور دیا کہ اس وسیع علمی ذخیرے کو سادہ اور جدید زبان میں عام کیا جائے تاکہ یہ موجودہ دور کے لئے بھی مو¿ثر اور قابلِ عمل رہے۔
اُنہوںنے گوروکل اِنتظامیہ پر زور دیا کہ وہ تعلیم کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھتے ہوئے روایت کی گہرائی کو جدیدیت کی وسعت کے ساتھ ہم آہنگ کریں۔ اُنہوں نے کہا کہ اِدارہ صرف ڈگریاں دینے تک محدود نہ رہے بلکہ حساس، بااخلاق اور باہمت شخصیات تیار کرے جو معاشرے کی رہنمائی کر سکیں۔
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،”مجھے یقین ہے کہ شری نرسنگھ دیو سنسکرت گوروکل روایتی اَقدارکو جدید تعلیم کے ساتھ جوڑ کر ایک بہترین مرکز بن جائے گا۔اُنہوںنے چڈامنی سنسکرت سنستھان ،شری نرسنگھ دیو مندر انتظامیہ، ضلع انتظامیہ سانبہ کی کاوشوں کو سراہا اور گوروکل کے قیام پر ان کے ویژن، لگن اور عزم کو مُبارک باد پیش کیا۔
Comments are closed.