موسمیاتی ایڈوائزری: کشمیر کے کچھ اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں ٹریفک متاثر ہونے کا امکان

محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کی ہے کہ آنے والے دو دنوں کے دوران وادی کشمیر کے بعض اضلاع کے پہاڑی علاقوں اور اہم پہاڑی گذر گاہوں پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوسکتی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق 10 سے 12 مارچ کے دوران کپوارہ، بانڈی پورہ، اننت ناگ اور کشتواڑ کے پہاڑی علاقوں اور کچھ اہم پہاڑی گذر گاہوں پر موسمی حالات کے باعث ٹریفک کی نقل و حمل میں خلل پیدا ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دوران بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ 30 سے 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں اور اس کے علاوہ درجہ حرارت میں بھی 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی ریکارڈ ہونے کا امکان ہے۔

کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ 10 سے 12 مارچ تک زرعی سرگرمیاں عارضی طور پر بند رکھیں تاکہ ممکنہ نقصان سے بچا جاسکے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے 18 مارچ تک موسمی صورتحال کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں 9 سے 11 مارچ تک موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کئی پہاڑی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارشوں کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ بعد میں 12 سے 15 مارچ تک موسم عام طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔ان کا کہنا ہے کہ 16 سے 18 مارچ تک موسم ایک بار پھر عام طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔

Comments are closed.