ڈیلٹا فورس کی کمان میں تبدیلی: میجر جنرل اجے سنگھ دباس نے چارج سنبھال لیا
جموں،یکم مارچ
میجر جنرل اجے سنگھ دباس نے اتوار کے روز جموں و کشمیر میں انسدادِ دہشت گردی فورس ’ڈیلٹا‘ کی کمان سنبھال لی۔ انہوں نے میجر جنرل اے پی ایس بَل کی جگہ لی ہے، جنہوں نے نومبر 2024 سے اس اہم فورمیشن کی قیادت کی۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے بتایا کہ میجر جنرل دباس نے چارج سنبھالنے کے بعد وار میموریل پر شہادت پانے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے گلہائے نذر کئے اور تمام رینکس کو اپنے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ڈیلٹا فورس، جو 5 ستمبر 1994 کو قائم کی گئی تھی، ضلع رامبن کے بٹوٹ میں ہیڈکوارٹر رکھتی ہے اور عرصہ دراز سے چناب ویلی کے اضلاع—رامبن، کشتواڑ اور ڈوڈہ میں دہشت گردی کے خاتمے میں اہم رول ادا کرتی آئی ہے۔
چارج سنبھالنے کے بعد میجر جنرل دباس نے اہلکاروں پر زور دیا کہ عملی مہارت کے اعلیٰ ترین معیار برقرار رکھیں، چوکس رہیں اور خطے میں امن و استحکام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم پر قائم رہیں۔ دوسری جانب سبکدوش ہونے والے میجر جنرل اے پی ایس بَل کی قیادت میں فورس نے گزشتہ ایک سال میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ ان کی زیر قیادت 22 فروری کو کشتواڑ کے چھاترو علاقے میں ایک بڑی کارروائی کے دوران پاکستان سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں ممنوعہ تنظیم جیشِ محمد کے کمانڈر سیف اللہ بھی شامل تھا۔ فوجی ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک سال میں کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں سات پاکستانی دہشت گردوں کو مختلف کارروائیوں میں مار گرایا گیا، جس سے وادی چناب میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو شدید دھچکا لگا۔ فوج نے میجر جنرل دباس کی تعیناتی کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت میں انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کو مزید مضبوط اور مربوط کیا جائے گا تاکہ خطے میں مکمل امن قائم رہے۔
Comments are closed.