عمرعبداللہ کا عوام سے صبر و تحمل کی اپیل
ایران میں پیش آنے والی تیزی سے بدلتی صورتحال، خصوصاً ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی خبروں کے درمیان، جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور عوام سے پرسکون رہنے کی اپیل کی ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ عمر عبداللہ صورتحال پر باریک بینی سے نظر رکھے ہوئے ہیں۔ بیان کے مطابق:’وزیر اعلیٰ نے ایران میں سامنے آنے والی تازہ پیش رفت، خصوصاً سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت سے متعلق اطلاعات پر شدید تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے تمام برادریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امن برقرار رکھیں، جذباتی ردعمل سے بچیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جس سے حالات میں کشیدگی پیدا ہو سکتی ہو۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ جموں و کشمیر انتظامیہ حکومت ہند کی وزارتِ خارجہ امور کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ اس وقت ایران میں موجود جموں و کشمیر کے طلبہ اور دیگر شہریوں کی حفاظت اور خیریت یقینی بنائی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، ایران میں صورتحال مسلسل بدل رہی ہے اور جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں طلبہ وہاں مختلف جامعات میں زیرِ تعلیم ہیں، جن کی سلامتی سے متعلق خدشات کے بعد ریاستی حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے مرکزی وزارتِ خارجہ سے رابطہ بڑھایا ہے۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر نے آخر میں عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور غیر مصدقہ اطلاعات کو پھیلانے سے گریز کریں۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ زمینی صورتحال پر مکمل نگرانی جاری ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ادارے سرگرم عمل رہیں گے۔
Comments are closed.