پونچھ میں کنٹرول لائن کے قریب مشتبہ ڈرون سرگرمی، سیکیورٹی فورسز کا تلاشی آپریشن جاری

جموں،27 فروری

لائن آف کنٹرول کے ساتھ متصل حساس ضلع پونچھ میں جمعہ کی صبح اُس وقت ہلچل مچ گئی جب گولپور کے اگلی چوکیوں کے نزدیک مشتبہ ڈرون کی حرکت دیکھی گئی۔ ذرائع کے مطابق تعینات سیکیورٹی فورسز نے فضاء میں غیر معمولی سرگرمی محسوس کی جس کے فوراً بعد علاقے میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ڈرون جیسی نظر آنے والی شئے کچھ دیر تک ہندستانی حدود کے بالکل نزدیک منڈلاتی رہی۔ اس صورتحال کے پیش نظر فورسز نے فضائی کارروائی پروٹوکول کے تحت متعدد فائر راؤنڈز فضا میں داغے تاکہ ممکنہ خطرے کو پسپا کیا جاسکے۔ فائرنگ کے بعد مشتبہ شے کو ایل او سی کی دوسری جانب واپس جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ڈرون سرگرمی کو سرحد پار سے ممکنہ ریکی، انٹیلی جنس جمع کرنے یا کسی مشن کی ناکام کوشش کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ پچھلے کچھ مہینوں میں پونچھ اور راجوری کے سرحدی علاقوں میں ڈرون کی نقل و حرکت کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس کے باعث فوج اور دیگر سیکیورٹی ایجنسیاں پہلے ہی ہائی الیرٹ موڈ میں ہیں۔

واقعے کے بعد فوج، پولیس اور دیگر انٹیلی جنس یونٹس نے علاقے میں سرچ آپریشن کو مزید وسعت دے دی ہے۔ کئی مقامات پر کومبنگ آپریشن، مشینری کے ذریعے نگرانی اور رات کے وقت تھرمل امیجرز کے استعمال میں اضافہ کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ شے یا دراندازی کے امکانات کا جائزہ لیا جائے۔

عہدیداروں نے یہ بھی بتایا کہ اس نوعیت کی سرگرمیوں کا مقصد دہشت گرد نیٹ ورکس کو سپورٹ دینا ہوتا ہے اور اسی لیے ہر واقعے کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔

Comments are closed.