نائب صدر جمہوریہ رادھا کرشنن دو روزہ دورے پر سرینگر پہنچ گئے

سری نگر،25 فروری

ہندوستان کے نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن بدھ کی شام دو روزہ دورے پر جموں و کشمیر پہنچے جہاں سرینگر ہوائی اڈے پر ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔ نائب صدر جمہوریہ کا طیارہ، شام کے وقت سرینگر ہوائی اڈے پر اترا۔

حکام کے مطابق جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ، چیف سکریٹری اتل ڈولّو، وادی میں تعینات فوج کی 15 کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ، اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل نے نائب صدر کا باضابطہ استقبال کیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے اور پورا ہوائی اڈہ حفاظتی حصار میں تبدیل کر دیا گیا۔
استقبال کے بعد نائب صدرجمہوریہ ایک محفوظ قافلے کے ذریعے چشمہ شاہی واقع راج بھون روانہ ہوئے جہاں وہ اپنے پورے دورے کے دوران قیام کریں گے۔ یہ ان کا نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد جموں و کشمیر کا پہلا سرکاری و تعلیمی دورہ ہے، جسے حکومت نہایت اہم قرار دے رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ نائب صدر جمہوریہ جمعرات کو یونیورسٹی آف کشمیر کے اکیسویں جلسہ تقسیم اسناد میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ تقریب کا اہتمام درگاہ حضرتبل کے قریب واقع مرکزی کیمپس میں کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر عرصہ دراز سے منتظر طلبہ و طالبات کو اسناد اور امتیازی ایوارڈز بھی دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ کشمیر یونیورسٹی کے چانسلر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نائب چانسلر کے منصب پر فائز ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق اس موقع پر اعلیٰ سول اور فوجی حکام بھی موجود رہیں گے جبکہ سرینگر بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات نافذ رہیں گے۔
نائب صدرجمہوریہ کے اس دورے کو جموں و کشمیر میں علمی، انتظامی اور تعلیمی سرگرمیوں کے فروغ کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.