پلوامہ حملے کی برسی پر سی آر پی ایف کا دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ

پلوامہ دہشت گرد حملے کی ساتویں برسی کے موقع پر سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) جی پی سنگھ نے ہفتے کے روز کہا کہ سیکورٹی فورسز ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔

انہوں نے ہفتے کے روز 14 فروری 2019 کو جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ علاقے میں جیش محمد سے وابستہ ایک خود کش بمبار کے سی آر پی ایف کی کانوائے کے ساتھ ٹکرانے کے نتیجے میں اپنی جانیں گنوانے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس واقعے میں 40 اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

لیتہ پورہ میں واقع شہدا میموریل پر پھول چڑھانے کے بعد موصوف ڈی جی نے میڈیا کو بتایا: ‘سی آر پی ایف اور اس کی فیملی ویلفئر آرگنائزیشن شہدا کے خاندانوں کو ہر ممکن مدد کے لئے پوری طرح پر عزم ہے’۔

انہوں نے کہا: ‘ہر خاندان کو2.25 سے 3 کروڑ روپیے تک مالی امداد فراہم کی گئی ہے جبکہ 19 خاندانوں کو دیگر مقامی حکومتوں کے تعاون سے زمین فراہم کی گئی ہے’۔
ان کا کہنا تھا: ‘شہدا کے بچوں کی تعلیم اور ہمدردانہ بنیادوں پر ملازمتوں کے ذریعے معاونت کی جا رہی ہے’۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ فورس نے "بریو فیملی ایپ” کا آغاز کیا ہے تاکہ خاندان روز مرہ کے مسائل اٹھا سکیں اور سی آر پی ایف ویلفئر ڈائریکٹوریٹ سے رابطے میں رہیں۔

اہوں نے کہا کہ آرگنائزیشن بعد کی کارروائیوں میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں سے بھی مسلسل رابطے میں ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کے لئے پر عزم ہے۔
ان کا کہنا تھا: ‘سی آر پی ایف کی جانب سے میں تمام خاندانوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں، سی آر پی ایف ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پر عزم ہے۔
لیتہ پورہ میں منعقدہ تقریب میں پھول چڑھانے کی پریڈ، گارڈ آف آنر کے علاوہ شہدا کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ سی آر پی ایف نے خراج عقیدت کے طور پر سالانہ روایت کے مطابق خون کے عطیے کا کیمپ بھی منعقد کیا جس میں افسروں اور جوانوں نے رضاکارانہ طور پر سو سے زیادہ یونٹ خون عطیہ کیا جو ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سری نگر کو فراہم کیا گیا۔
اس تقریب کے موقع پر فوج، پولیس، سی آر پی ایف اور سول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔

Comments are closed.