کشمیر میں 16 فروری تک بڑے پیمانے پر برف و باراں کا کوئی امکان نہیں

سری نگر، 6 فروری

محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر میں 16 فروری تک بڑے پیمانے پر برف و باراں کا کوئی امکان نہیں ہے۔

متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں 7 اور 8 فروری کو موسم مجموی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ 9 فروری کی رات کو وادی کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشیں متوقع ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ بعد میں 10 فروری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ کئی علاقوں میں ہلکی برف باری یا بارشیں ہوسکتی ہیں اور اس دوران کہیں کہیں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

موصوف ترجمان نے بتایا کہ 11 فروری کو موسم جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران کہیں کہیں ہلکی برف یا بارشوں کا امکان ہے جبکہ 12 اور 13 فروری کو موسم عام طور پر خشک رہ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 14 فروری کو موسم مجموعی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری یا بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ بعد ازاں وادی میں 15 اور 16 فروری کو موسم جزوی سے مجموعی طور پر ابر آلود مگر خشک رہنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہ مجموعی طور پر واری میں 16 فروری تک موسم میں کسی بڑی تبدیلی کا کوئی امکان نہیں ہے

محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں ٹرانسپورٹروں اور مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سڑکوں اور شاہراہوں کی تازہ صورتحال معلوم کرنے کے لئے متعلقہ ٹریفک یونٹوں کی طرف رجوع کریں اور انتظامیہ کی ایڈوائزری پر عمل کریں۔

پہاڑی علاقوں کے لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں جانے سے گریز کریں جہاں برفانی تودے رہنے کے خطرات رہتے ہیں۔

دریں اثنا وادی میں شبانہ درجہ حرارت میں ایک بار پھر نمایاں گراوٹ ریکارڈ ہوئی ہے اور بیشتر مقامات پر کم سے کم درجہ حرارت معمول سے 1 سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے کم ریکارڈ ہوا ہے۔

وادی میں سیاحتی مقام پہلگام سرد ترین علاقہ رہا ہے جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی7.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے جبکہ صوبہ جموں میں بھدرواہ سرد ترین مقام رہا ہے جہاں شبانہ درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا ہے۔

Comments are closed.