جموں و کشمیر اسمبلی میں تعزیتی ریفرنس کے بعد کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی

جموں، 2فروری

جموں و کشمیر اسمبلی کا بجٹ اجلاس پیر کو تعزیتی کارروائی کے بعد دن بھر کے لیے ملتوی کردیا گیا۔ اجلاس کا آغاز لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے خطاب سے ہوا جس کے فوراً بعد ایوان میں دو سینئر سیاسی رہنماؤں کی وفات پر تعزیتی ریفرنس پیش کیا گیا۔

اسپیکر عبدالرحیم راتھرنے سابق ایم ایل اے غلام محمد خان (عمر 82، بارہمولہ) اور سابق ایم ایل سی خواجہ غلام محمد لون (عمر 100، بڈگام) کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور دونوں مرحومین کی عوامی خدمات کو شاندار انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
مرحومین کی یاد میں ایوان نے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی، جس کے بعد اسپیکر نے دن بھر کی کارروائی ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر اسپیکر نے بتایا کہ ایوان کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی نے گزشتہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی تجویز پر تعزیتی حوالوں کے سلسلے میں پارلیمانی طریقہ کار اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں روایت یہ ہے کہ سابق ارکان کی وفات پر صرف اسپیکر ہی تعزیتی ریفرنس پیش کرتے ہیں، جبکہ موجودہ رکن کے انتقال پر پورے ایوان کو اظہارِ تعزیت کا موقع دیا جاتا ہے اور کارروائی بھی ملتوی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طریقہ کار کو اپناتے ہوئے آج کے اجلاس میں صرف چیئر نے ہی تعزیتی کلمات پیش کیے۔ اسپیکر نے مرحومین کی سماجی و سیاسی خدمات کو جموں و کشمیر کی سیاسی تاریخ کا اہم حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے اپنی زندگی کے ہر مرحلے میں عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی۔

Comments are closed.