بسنت گڑھ ادھم پور میں انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک: فوج
جموں، 4 فروری
فوج کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے ضلع اودھم پور کے بسنت گڑھ علاقے میں ایک مشترکہ انسداد دہشت گردی آپریشن کے دوران دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جس کے ساتھ ہی آپریشن کامیابی سے اختتام پذیر ہوا۔
فوج کی وائٹ نائٹ کور نے ‘ایکس’ ہینڈل پر ایک پوسٹ میں کہا: ‘جموں و کشمیر پولیس کی طرف سے فراہم کردہ مخصوص انٹلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر ،سی آئی ایف ڈیلٹا، وائٹ نائٹ کور کے دستوں نے جوفر جنگل بسنت گڑھ (جموں وکشمیر) کے عمومی علاقے میں ایک مرکوز مشترکہ انسداد دہشت گردی آپریشن کی منصوبہ بندی کی اور اسے انجام دیا’۔
انہوں نے کہا: ‘یہ کارروائی جموں وکشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے تحت انجام دی گئی جنہوں نے گھیرائو کو مضبوط بنایا اور موثرعلاقائی نگرانی کو یقینی بنایا تاکہ دہشت گردوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ دیا جائے۔
پوسٹ میں کہا گیا: ‘گذشتہ روز دہشت گردوں کے ساتھ رابطہ قائم ہوا اور اس کے بعد سے انہیں مسلسل رابطے میں رکھا گیا اور دو دہشت گردوں کو کامیابی کے ساتھ ہلاک کر دیا گیا’۔
انہوں نے کہا: ‘یہ آپریشن بین الادارہ جاتی بے مثال ہم آہنگی، حربی مہارت اور اعلیٰ درجے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر رہا’۔
فوج نے پوسٹ میں مزید کہا: ‘آپریشن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور علاقہ بدستور نگرانی میں ہے’۔
Comments are closed.