ڈوڈہ حادثہ: قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی:ڈاکٹر جتیندر سنگھ
جموں،22 جنوری
مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ڈوڈہ کے بھدرواہ–چمبا روڈ پر پیش آئے دلخراش حادثے پر شدید دکھ اور صدمے کا اظہار کیا ہے، جس میں ایک فوجی گاڑی گہری کھائی میں جا گری، نتیجتاً 10 فوجی جوان جامِ شہادت نوش کر گئے جبکہ 10 دیگر شدید طور پر زخمی ہوئے۔
مرکزی وزیر نے بتایا کہ انہوں نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ ہروِندر سنگھ سے فون پر تفصیلی گفتگو کی اور حادثے کی تمام تفصیلات حاصل کیں۔ اطلاعات کے مطابق شدید زخمی ہوئے 10 اہلکاروں کو بہتر علاج کے لیے فوری طور پر کمانڈ اسپتال ادھم پور منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے یہ بھی بتایا کہ وہ کمانڈ اسپتال کے انچارج میجر جنرل (ڈاکٹر) سنجے شرما کے مسلسل رابطے میں ہیں، جو انہیں ہر لمحے کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمی اہلکاروں کو بہترین ممکنہ طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور ان کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جا رہی ہے۔
حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ قوم اپنے بہادر جوانوں کی عظیم قربانیوں کی قرضدار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے الفاظ نہیں جو ملک کے ان سپوتوں کے لیے مکمل طور پر تشکر اور عقیدت کا اظہار کر سکیں جنہوں نے قوم کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
مرکزی وزیر نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’میری گہری تعزیت غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہے۔ اس مشکل گھڑی میں پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وہ حالات پر ذاتی طور پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور زخمی اہلکاروں کے علاج سے متعلق ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
یو این آئی۔ ارش
Comments are closed.