پلوامہ میں غیر قانونی ایندھن کی اسمگلنگ ناکام
سرینگر،5 جنوری
پلوامہ پولیس نے عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ایک بروقت کارروائی کے دوران لتر علاقے میں ایک لوڈ کیریئر گاڑی کو روک کر اُس سے چھ بیرل ممنوعہ اور آتش گیر مواد برآمد کیا، جو بظاہر پٹرول یا ڈیزل تھا اور بغیر کسی اجازت نامے کے غیر قانونی طور پر منتقل کیا جا رہا تھا۔ پولیس کے مطابق آتش گیر ایندھن کی اس بھاری مقدار کی غیر قانونی نقل و حمل نہ صرف قانون کی سنگین خلاف ورزی تھی بلکہ یہ عوامی جان و مال کے لئے ایک بڑا خطرہ بھی بن سکتی تھی۔
صورتحال کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے فوری طور پر گاڑی سمیت تمام بیرل ضبط کرلیے ۔ پولیس نے بتایا کہ معاملے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے تاکہ ایندھن کے اصل ماخذ، اس کی منزل اور ممکنہ طور پر اس غیر قانونی سرگرمی میں ملوث دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے ۔ پلوامہ پولیس نے کہا کہ وہ عوامی سلامتی کو یقینی بنانے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے لئے ہمہ وقت مستعد ہے جو جان و مال کو خطرے میں ڈالنے والی سرگرمیوں میں ملوث ہوں۔
اس کے علاوہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن کو دیں تاکہ بڑے حادثات کو بروقت روکا جا سکے ۔
Comments are closed.