جموں و کشمیر میں میگا منصوبوں کی رفتار تیز، ‘پراگتی’ پلیٹ فارم ترقیاتی عمل کا موثر محرک/چیف سیکرٹری اتل ڈلو

جموں،5جنوری

جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹری اتل ڈلو نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت کے پراگتی پلیٹ فارم نے یونین ٹیریٹری میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار بڑھانے ، دیرینہ رکاوٹوں کو دور کرنے اور انتظامی ہم آہنگی کو بہتر بنانے میں غیر معمولی کردار ادا کیا ہے ۔

جموں میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ اس وقت 4.12 لاکھ کروڑ روپے کی لاگت سے زائد کے 61 بڑے منصوبوں کی نگرانی کی جا رہی ہے اور ان میں سے کئی ایسے ہیں جو برسوں سے تعطل کا شکار تھے لیکن پراگتی کی براہِ راست مانیٹرنگ کے بعد انہیں نئی رفتار ملی ہے ۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ پراگتی ایک ایسا ٹیکنالوجی پر مبنی نظام بن چکا ہے جس نے بین المحکمہ رکاوٹوں اور طویل انتظامی تاخیر کو ختم کرکے بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں کو راستہ دکھایا ہے ۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ 1995 میں شروع کیا گیا ادھم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک منصوبہ تقریباً 25 برس تک خاطر خواہ پیش رفت سے محروم رہا، لیکن پراگتی میکانزم کے تحت اعلیٰ سطحی نگرانی اور بہتر ہم آہنگی کے نتیجے میں اس میں نمایاں تیزی آئی ہے ۔

چیف سیکریٹری نے بتایا کہ 500 کروڑ روپے سے زیادہ مالیت کے تمام منصوبوں کی نگرانی کابینہ سیکریٹری کی سربراہی والے پی ایم جی گروپ کے ذریعے کی جاتی ہے ، جبکہ سب سے اہم منصوبوں کا براہِ راست جائزہ خود وزیراعظم پراگتی میٹنگز میں لیتے ہیں۔ ان کے مطابق جموں و کشمیر کے 15 بڑے منصوبے اس وقت وزیراعظم کی براہِ راست نگرانی میں ہیں، جس سے اراضی حصول، مالی رکاوٹوں، تکنیکی مشکلات اور متاثرہ خاندانوں کے معاوضے جیسے مسائل تیزی سے حل ہو رہے ہیں۔ اتل ڈلو نے کہا کہ جموں و کشمیر اس لحاظ سے ملک میں شامل بہترین کارکردگی دکھانے والی یونین ٹیریٹریز میں شامل ہے جہاں پراگتی کے تحت اٹھائے گئے 59 معاملات میں سے 57 حل کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 53 ہزار کروڑ روپے مالیت کے چھ بڑے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں جن میں اُدہم پور-سری نگر-بارہمولہ ریل لنک، کشن گنگا ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ اور اس کی ٹرانسمیشن لائن، ایمس جموں، قومی شاہراہ 44 کا مشکل بانیہال سیکشن اور السٹنگ-کارگل-خلتسے -لیہ ٹرانسمیشن لائن شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نو اہم منصوبوں پر اطمینان بخش رفتار سے کام جاری ہے جن میں دہلی-امرتسر-کٹرہ ایکسپریس وے ، ایمس اونتی پورہ، پکل دل ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ، دیہی علاقوں میں جی 4کنیکٹیویٹی کے منصوبے اور مختلف توانائی و رابطہ سازی کے پروجیکٹس شامل ہیں۔ اپنے اختتامی کلمات میں چیف سیکریٹری نے کہا کہ حکومت یونین ٹیریٹری میں ترقیاتی رفتار برقرار رکھنے کے لیے پراگتی کے تحت جاری ہدایات پر مکمل طور پر عمل پیرا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ تمام میگا منصوبے مقررہ مدت میں مکمل ہوں اور ان کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں۔

Comments are closed.