بڈگام میں غیر مجاز وی پی این کے خلاف کارروائی، 24 افراد کی شناخت، 2 ایف آئی آر درج
سری نگر،3جنوری
بڈگام پولیس نے ضلع میں غیر مجاز ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک کے استعمال کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 24 افراد کی نشاندہی کی ہے ، جبکہ دو افراد کے خلاف دہشت گردی سے متعلق پس منظر کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی گئی ہے ۔
یہ کارروائی ضلع انتظامیہ کی جانب سے 29 دسمبر 2025 کو جاری کی گئی پابندیوں کے تحت کی گئی، جن میں غیر مجاز وی پی این کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔پولیس کے مطابق 29 دسمبر سے 2 جنوری تک جاری رہنے والی تکنیکی نگرانی اور تصدیقی مہم کے دوران یہ افراد وی پی این استعمال کرتے ہوئے پائے گئے ۔تحقیقات اور تکنیکی جانچ کے بعد ان میں سے دو افراد کے خلاف دہشت گردی سے متعلق مشتبہ پس منظر کی وجہ سے مقدمات درج کیے گئے ، جنہیں پولیس نے ‘انکرپٹڈ پلیٹ فارمز کے غلط استعمال سے ممکنہ سیکورٹی خطرات’ قرار دیا۔اس کے علاوہ 18 سے 40 برس کی عمر کے گیارہ افراد کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جنہیں بھارتیہ نگریِک سرکشا سنہیتا کی دفعات 126 اور 170 کے تحت پابند کیا گیا اور بعد میں سخت انتباہ کے ساتھ رہا کر دیا گیا۔
پولیس نے کہا کہ ضلع بھر میں عوامی نظم و نسق برقرار رکھنے ، سیکورٹی خطرات سے نمٹنے اور انتظامیہ کے احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرانے کے لیے کارروائی جاری رہے گی۔ پولیس نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ وی پی این یا کسی بھی ممنوعہ آن لائن سروس کا استعمال نہ کریں اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل طرزِ عمل اختیار کریں۔
Comments are closed.