سال نو کی تقریبات : سیاحتی مقاما ت پر فورسز کی اضافی نفری تعینات

سری نگر،31دسمبر

وادی کشمیر میں نئے سال کی تقریبات کے پیشِ نظر سیاحتی مقامات، اہم شاہراہوں اور حساس علاقوں میں سیکورٹی کو انتہائی سخت کر دیا گیا ہے

۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں نے سیاحوں کی آمد اور جشن سالِ نو کے بڑے اجتماعات کو مدنظر رکھتے ہوئے وادی بھر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے ہیں۔سری نگراور دیگر سیاحتی مقامات پر منگل کی شام سے ہی سیاحوں کی آمد میں اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد فورسز نے چیکنگ پوائنٹس پر سخت نگرانی شروع کر دی۔

حکام کے مطابق نئے سال کی تقریبات کو پُرامن اور محفوظ بنانے کے لیے وادی کے تمام بڑے سیاحتی مقامات، پارکوں، بل وارڈ، گلمرگ، پہلگام، اور سونہ مرگ میں اضافی فورسز تعینات کی گئی ہیں۔وادی بھر میں چیکنگ، نگرانی اور گشت کو کئی گنا بڑھا دیا گیا ہے ۔ اہم داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں گاڑیوں اور مسافروں کی تفصیلی جانچ کی جا رہی ہے ۔ سری نگر کے داخلی راستوں پر گاڑیوں کی سخت تلاشی کے ساتھ ساتھ سیاحتی مراکز پر ہائی الرٹ برقرار ہے ۔

گزشتہ ہفتے انسپکٹر جنرل آف پولیس (کشمیر زون) وی کے بردی نے نئے سال کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا تھا۔ پولیس کنٹرول روم سری نگر میں منعقدہ میٹنگ کے دوران افسران نے انہیں فورسز کی تعیناتی، چیکنگ پوائنٹس، اور اہم مقامات کی نگرانی سے متعلق بریفنگ دی تھی۔آئی جی پی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی تھی کہ تمام تیاریاں وقت سے پہلے مکمل کی جائیں، ناکہ پوائنٹس پر رات کے اوقات میں سخت چیکنگ کی جائے ، اور حساس مقامات پر مسلسل ہائی الرٹ برقرار رکھا جائے ۔ انہوں نے امن و امان کے لیے خطرہ بننے والے عناصر کے خلاف سخت چوکسی اور م¶ثر نگرانی پر زور دیا۔

Comments are closed.