ہند وارہ اسپتال ٹرالی واقعہ : جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر معطل ، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل
سرینگر /20دسمبر / ٹی آئی نیوز ا
ضلع اسپتال ہندوارہ میں زیر علاج ایک مریض کو سی ٹی اسکین کیلئے اسپتال سے نجی کلینک جانے پر مجبور کیا گیا جس کے بعد مریض کے تیمار دار انہیں ہینڈ ٹرالی پر ہند وارہ کے مصروف ترین بازار سے گزر کر کلینک تک پہنچنے پر مجبور ہو گئے ۔
اس پورے واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائر ل ہوئی جس کے بعد عوامی حلقوں نے اس پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کی فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا ۔ اس دوران معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے گورئمنٹ میڈیکل کالج ہندواڑہ کے ایسوسی ایٹڈ اسپتال کے ایک جونیئر ریزیڈنٹ ڈاکٹر کو فوری طور پر معطل کر دیا گیا ہے ۔
حکام نے بتایا کہ ڈاکٹر، جس کے پاس اسپتال سیکورٹی انچارج کا اضافی چارج بھی تھا انتظامیہ کے حکم پر تیز رفتار انکوائری کا نتیجہ آنے تک معطل کر دیا گیا تھا۔ حکام نے کہا کہ وائرل کلپ نے اسپتال میں مریضوں کی دیکھ بھال اور اندرونی نگرانی کے بارے میں سنگین سوالات اٹھائے ہیں۔
اس دوران تحقیقات کیلئے سینئر ڈاکٹروں اور منتظمین پر مشتمل پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ پینل کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ واقعہ کی ترتیب کا جائزہ لے اور ایک دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے۔ اسپتال کے حکام نے کہا کہ کمیٹی کے نتائج کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.