متوقع برف باری سے قبل گلمرگ روڈ پر پابندیوں کا اعلان

سری نگر، 20 دسمبر

وادی کشمیر میں خراب موسمی صورتحال کی پیش گوئی کے پیش نظر حکام نے ٹنگمرگ – گلمرگ روڈ پر ہفتہ کی صبح سے ٹریفک کی سخت پابندیوں کا اعلان کیا ہے۔ان اقدامات کا مقصد مشہور سکی ریزورٹ کی طرف جانے والے پھسلن والے راستوں پر محفوظ سفر کو یقینی بنانا ہے۔
حکام نے کہا کہ صرف ہیچ بیکس اور ایس یو ویز کو ہی گلمرگ ٹنگمرگ روڈ پر چلنے کی اجازت ہوگی جو اینٹی سکڈ چینز یا 4×4 کی صلاحیت سے لیس ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام بسوں، ٹیمپو ٹریولرز اور بھاری گاڑیوں کو موسم کی صورتحال بہتر ہونے تک سڑک استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ دو پہیوں اور تین پہیوں والی گاڑیوں کو بھی سڑک پر سفر کرنے پر مکمل پابندی لگا دی گئی ہے۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ اس روڈ پر حادثات سے بچنے کے لیے احتیاطی تدبیریں کی گئی ہیں۔۔

انہوں نے مسافروں پر زور دیا کہ وہ ایڈوائزری پر سختی سے عمل کریں، مطلوبہ حفاظتی سامان اپنے ساتھ رکھیں اور متوقع موسم کی خرابی کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے وادی میں 20 دسمبر کی شام سے 21 دسمبر کی دوپہر تک برف و باراں کی پیش گوئی کی ہے اور اس دوران کپوارہ، باںڈی پورہ اور گاندربل اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں خاص طور پر 21 دسمبر کو درمیانی سے بھاری برف باری کا امکان ہے۔

Comments are closed.