پاندچھ شیخ العالم کالونی 90 فٹ روڈ پر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر جمع ، لوگ پریشان

سرینگر /19دسمبر

پاندچھ شیخ العالم کالونی 90 فٹ روڈ سرینگر کے مکینوں نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ ان کے علاقے میں گزشتہ کئی مہینوں سے سرینگر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے صفائی کا کوئی مناسب انتظام نہیں کیا جا رہا ہے۔

صفائی عملہ نہ آنے کی وجہ سے گلی کوچوں میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر جمع ہو چکے ہیں، جس سے پورے علاقے میں شدید بدبو پھیل گئی ہے اور لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ جمع شدہ گندگی کی وجہ سے آوارہ کتوں کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا ہے، جو ہر وقت گلیوں میں موجود رہتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث لوگوں، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور خواتین کو آمد و رفت کے دوران کتوں کے کاٹنے کا خطرہ لاحق رہتا ہے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہو گئی ہے۔

مقامی باشندوں نے بتایا کہ اس مسئلے کی نشاندہی کئی بار متعلقہ حکام کے سامنے کی گئی، تاہم تاحال کوئی ٹھوس اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ انہوں نے اعلیٰ حکام، سرینگر میونسپل کارپوریشن اور ضلع انتظامیہ سے پرزور اپیل کی ہے کہ فوری طور پر علاقے میں صفائی کا باقاعدہ نظام بحال کیا جائے، کوڑا کرکٹ اٹھانے کا عمل شروع کیا جائے اور آوارہ کتوں کے مسئلے پر بھی فوری توجہ دی جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات اور ممکنہ حادثات سے بچایا جا سکے۔

Comments are closed.