لیفٹنٹ گورنر نے جموں میں یوٹی سطح کی سیکورٹی کانفرنس کی صدارت کی
جموں/18دسمبر
لیفٹیننٹ گورنرمنوج سِنہانے آج جموں میں ڈی جی پیز،آئی جی پیز کانفرنس کے طرز پر یو ٹی سطحی کانفرنس کی صدارت کی۔ اُنہوںنے اَپنے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی قیادت میں یو ٹی سطحی سکیورٹی کانفرنس دہشت گردی کے تمام پہلوو¿ں سے نمٹنے کے لئے حکومت کے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینے کے لئے غور وخوض اور تعاون کے مرکز کے طور پر کام کرے گی۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ اس برس رائے پور میں ڈی جی پیز،آئی جی پیز کانفرنس کے دوران ’وکست بھارت: سکیورٹی کے جہت‘ کے موضوع پر تفصیلی اور جامع بحث و تمحیص ہوئی جو مرکزی حکومت کے عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ ہماری پولیسنگ اداروں کو ایک تیزی سے بدلتی دنیا کی ضروریات کے مطابق ڈھالا جائے۔
منوج سِنہا نے دہشت گردوں، ان کے سہولیت کاروں اور نظریاتی حامیوں کے خلاف مربوط کارروائی کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان کے پورے نیٹ ورک اور محفوظ پناہ گاہوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔
اُنہوںنے کہا،” 2019کے بعد حاصل ہونے والی حقیقی سکیورٹی کامیابیوں کا ہر قیمت پر دفاع کیا جانا چاہیے اور وادی، جنگلات، پہاڑی علاقوں یا دیہات میں سرگرم ہر ایک دہشت گرد اور اس کے حامی کو غیر مو¿ثر بنایا جانا چاہیے۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ چھ برسوںمیں ہم نے سکیورٹی نیٹ ورک کو مضبوط کیا ہے اور جموں و کشمیر پولیس، فوج، اِنٹلی جنس ایجنسیوں اورسینٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایفز) کی مشترکہ کوششوںسے دہشت گردانہ تشدد اور سرگرم دہشت گردوں کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ہے۔
اُنہوں نے کہا،”مسلح دہشت گرد اور ان کے حامی،او جی ڈبلیوز اور وہ عناصر جو عام شہریوں کو خوفزدہ کرتے ہیں، سب کے ساتھ یکساں سلوک کیا جانا چاہیے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا چاہیے کہ وہ اَپنی کارروائی کی بہت بھاری قیمت ادا کریں۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے اُبھرتے ہوئے خطرات سے نمٹنے کی حکمت عملی، اِنٹلی جنس کی صلاحیتوں بڑھانے اور جدید سکیورٹی چیلنجوں کے لئے اگلے درجے کے سکیورٹی نیٹ ورک کی تشکیل پر بھی بات کی۔
اُنہوں نے کہا،”حالیہ برسوں میں سکیورٹی خطرات کے منظرنامے میں ایک گہری تبدیلی آئی ہے۔ ہمیں ردعملی سکیورٹی سے پیشگی سکیورٹی حکمت عملی کی طرف جانا ہوگا اور دہشت گردی، دہشت گردی کی مالی معاونت، انتہا پسندی اور منشیات سے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے جدید ٹیکنالوجیوں جیسے اے آئی کا اِستعمال کرنا ہوگا۔“
ایک روزہ یو ٹی سطحی سکیورٹی کانفرنس میں سینئر جموں و کشمیر پولیس، اِنٹلی جنس، سول اِنتظامیہ اور سی اے پی ایفز کے افسران نے شرکت کی۔
Comments are closed.