بند سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ وزیر داخلہ کے ساتھ اٹھائوں گا: عمر عبداللہ

جموں، 5 فروری

جموں وکشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ وہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ان کے دورہ جموں و کشمیر کے دوران پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد بند سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا معاملہ اٹھائیں گے انہوں نے کہا: ‘مجھے لگتا ہے کہ پہلگام واقعے کے بعد بند ان سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا وقت آگیا ہے’ وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا: ‘پہلگام واقعے کے بعد ابھی کئی سیاحتی مقامات بند ہیں، مجھے لگتا ہے کہ ان کے دوبارہ کھولنے کا وقت آگیا ہے،اس ضمن میں حکومت کی طرف سے مرکزی حکومت کے ساتھ بات چیت جاری ہے’۔

ان کا خطاب میں کہا تھا: ‘میں اس ہائوس اور رکن اسمبلی بانڈی پورہ کو یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ وزیر داخلہ جموں وکشمیر کا دورہ کر رہے ہیں، میں ان کے ساتھ ملاقات کے دوران یہ معاملہ اٹھائوں گا’۔

عمر عبداللہ نے سیاحت کے شعبے میں رجسٹریشن کے موجودہ عمل پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور اسے پرانا قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ 1978 سے رجسٹریشن کے قواعد و ضوابط پر نظرثانی نہیں کی گئی اور حکومت ان میں اصلاحات کے لیے کام کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ 22 اپریل 2025 کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد، جس میں 26 شہری، جن میں زیادہ تر سیاح تھے، جاں بحق ہوئے تھے، حکام نے جموں و کشمیر کے کئی سیاحتی مقامات کو بند کرنے کا حکم دیا تھا۔ ان میں سے کچھ مقامات کو بعد میں مرحلہ وار دوبارہ کھول دیا گیا جبکہ کئی ہنوز بند ہیں۔

Comments are closed.