سرینگر میں منشیات فروش کی 1.6 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط

سری نگر،18دسمبر

منشیات کے خلاف جاری سخت کارروائیوں کے تحت سرینگر پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی تقریباً 1.6 کروڑ روپے مالیت کی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ ضبط کی گئی جائیداد میں دو منزلہ رہائشی مکان اور 12.5 مرلہ اراضی شامل ہے۔
پولیس کے مطابق یہ کارروائی پولیس اسٹیشن نوگام کی جانب سے ایف آئی آر نمبر 128/2022 کے تحت انجام دی گئی، اس مقدمے میں ملزم لیاقت علی بٹ ولد بشیر احمد بٹ ساکن اوقاف چوک، کنیہامہ، نوگام سرینگر کے قبضے سے بڑی مقدار میں کوڈین شربت کی بوتلیں برآمد کی گئی تھیں۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے پایا کہ مذکورہ جائیداد منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل شدہ آمدنی سے تعمیر اور خریدی گئی تھی۔ اسی بنیاد پر جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68-ایف کے تحت، مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بعد قانونی طور پر ضبط کیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ جائیداد کی ضبطی کی کارروائی ایگزیکٹو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس بی کے پورہ کی موجودگی اور آزاد گواہوں کے سامنے مکمل قانونی ضابطوں کے مطابق انجام دی گئی۔ ضبطی کے حکم کے تحت جائیداد کے مالک کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس جائیداد کو فروخت، کرایہ، منتقل، رہن یا کسی تیسرے فریق کے مفاد کے لیے استعمال نہیں کر سکتا۔

سرینگر پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی اور منشیات کے نیٹ ورک کی مالی بنیاد کو کمزور کرنے کے لیے غیر قانونی طور پر حاصل شدہ اثاثوں کی ضبطی کا عمل مزید تیز کیا جائے گا۔
پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ منشیات کے خلاف اس مہم میں تعاون کریں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق معلومات قریبی پولیس اسٹیشن کو فراہم کریں تاکہ سماج کو اس لعنت سے پاک کیا جا سکے۔

Comments are closed.