وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ضلع سرینگر میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا
سری نگر/15دسمبر
وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ نے آج شیرکشمیر اِنٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (ایس کے آئی سی سی ) میں ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی تاکہ ضلع سری نگر کے مجموعی ترقیاتی منظرنامے کا جائزہ لیا جا سکے اور منتخب نمائندوں سے عوامی مسائل کے بارے میں روبرو رائے حاصل کی جا سکے۔
میٹنگ میں بجٹ کے مختلف حصوں کے تحت سرکاری فلیگ شپ سکیموں اور جاری اہم ترقیاتی منصوبوں کی شعبہ وار اور اسمبلی حلقہ وار عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری، وزرا¿ جاوید احمد رانا، جاویدڈار اور ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی، چیئرپرسن ڈِسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل سری نگر ملک آفتاب اور ضلع سری نگر کے ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔
ممبران اسمبلی علی محمد ساگر، مبارک گل، شمیم فردوس، سلمان ساگر، تنویر صادق، احسان احمد پردیسی اور مشتاق احمد گورو نے اپنے حلقوں میں ترقی اور شہری سہولیات سے متعلق مسائل اُٹھائے۔
اِس موقعہ پر سینئر اَفسران میں وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹرہ دھیرج گپتا،صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اکشے لابرو، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن فاضل الحسیب، ڈائریکٹرخوراک ، شہری رسدات و اَمورِ صارفین ڈاکٹر اویس احمد، شعبہ جات کے سربراہان اور سینئر سیکٹورل اور ضلعی اَفسران موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کی کہ منتخب نمائندوں کی جانب سے اُٹھائے گئے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ عوام دوست اور جوابدہ حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اُنہوںنے اچھن ڈمپنگ سائٹ سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی اور صحت عامہ کے مسائل کے مستقل اور دیرپا حل کی ضرورت پر خصوصی زور دیا۔ اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ سائنسی اور ماحول دوست طریقے سے ویسٹ مینجمنٹ کے طریقے کو اَپنائیں اوراس بات پر زور دیا کہ اس مسئلے کو مقررہ وقت میں حل کیا جانا چاہیے۔
عمر عبداللہ نے سری نگر میں ٹریفک کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ٹریفک جامنگ کو کم کرنے کے لئے طویل مدتی اور مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ بڑے سڑکوں اور چوراہوں پر اہم رُکاوٹوں کی نشاندہی کریں اور انہیں دور کریں جہاں زمین پہلے ہی چوڑائی منصوبوں کے تحت حاصل کی جا چکی ہے وہاں سڑک کی ترتیب میں بہتری لائیں اور مربوط ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی کو مضبوط کریں تاکہ گاڑیوں کی روانی کو بہتر بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ نے آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر تشویش کا اِظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کا انسانی، سائنسی اور قانونی طور پر مطابقت رکھنے والا طریقہ اَپنانے پر زور دیا اور میونسپل حکام اور دیگر متعلقہ شراکت داروںکے درمیان بہتر ہم آہنگی پر زور دیا۔
اُنہوںنے ترقیاتی اقدامات کی منصوبہ بندی اور عمل آوری میں منتخب نمائندوں کی فعال شمولیت کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ ان کی شرکت عوامی رائے، شفافیت اور عوامی فلاح و بہبود کے پروگراموں کی مو¿ثر عمل درآمد کے لئے ضروری ہے۔
وزیر اعلیٰ نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ وہ محکمہ جاتی ہم آہنگی برقرار رکھیں، مقررہ وقت کی پابندی کریں اور ترقیاتی کاموں کو سری نگر کے لوگوںکے لئے حقیقی فوائد میں تبدیل کریں۔
اُنہوں نے جائزہ میٹنگ کے دوران ضلع کیپکس اورسی ڈِی ایف مختص کے تحت اہم ترقیاتی منصوبوں اور مرکزی سکیموںکی عمل آوری میں محکمہ جاتی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے منصوبوں کی جلد تکمیل اور فنڈز کے بروقت استعمال کی ضرورت پر زور دیا اور ارکان قانون ساز کے ساتھ قریبی تعاون کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا تاکہ زمین پر واضح نتائج نظر آئیں۔
اِس سے قبل ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اکشے لابرو نے وزیر اعلیٰ کو ضلع کے ترقیاتی منظرنامے، جاری اقدامات اور عوامی مرکوزیت والی سرکاری سکیموں کی عمل آوری پر تفصیلی پرزنٹیشن دی۔ کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن نے بھی اہم شہری اقدامات کا جائزہ پیش کیا۔
وزیر اعلیٰ کو ضلع اِنتظامیہ اور سری نگر میونسپل کارپوریشن کی طرف سے برفباری اور دیگر موسمی چیلنجوں کے دوران ضروری خدمات اور عوام کی سہولیت کو بلا تعطل یقینی بنانے کے لئے کی جانے والی سرمائی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔
Comments are closed.