لالچوک حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے اپنی پارٹی لیڈران اور کارکنان کا اہم اجلاس

سرینگر: لالچوک حلقہ انتخاب سے تعلق رکھنے والے اپنی پارٹی کے لیڈران اور سینئر کارکنان کا ایک غیر معمولی اجلاس آج پارٹی دفتر شیخ باغ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پارٹی قائد سید محمد الطاف بخاری نے کی۔ اجلاس میں حلقے میں پارٹی کیڈر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل اور بعض تنظیمی امور پر بات چیت کی گئی۔ میٹنگ میں بالخصوص لالچوک، راج باغ اور اخراج پورہ وارڈز سے تعلق رکھنے والے لیڈران اور کارکنان موجود تھے۔

اس موقعے پر مختلف مسائل پر کھل کر تبادلہ خیالات کرنے کے بعد کئی اہم فیصلے لئے گئے، جبکہ پارٹی سربراہ نے حاضرین پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں عوامی رابطہ مہم شدو مد سے شروع کریں اور زمینی سطح پر لوگوں کے ساتھ مکمل رابطے میں رہیں۔

انہوں نے خطاب کرتے ہوئے حاضرین پر زور دیا کہ وہ حلقے میں عوامی رابطہ مہم کو تیز کرتے ہوئے مقامی مسائل کی نشاندہی کریں، تاکہ پارٹی اس بات کو یقینی بنائے کہ ان مسائل کو فوری حل کے لیے حکام کی توجہ میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا، ’’ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم زمینی سطح پر لوگوں تک پہنچیں اور ان کے مسائل کو صحیح معنوں میں سمجھیں، پہلے ہمیں ان کے مسائل کی نشاندہی کرنی ہوگی، پھر ان مسائل کو حکام تک پہنچانا ہوگا تاکہ انہیں حل کیا جاسکے۔ میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ حلقے میں اپنی کوششیں تیز کریں اور لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔‘‘ انہوں نے رہنماؤں اور سینئر کارکنوں کو اپنے علاقوں میں نئی ممبر مہم شروع کرنے کا ٹاسک بھی دیا۔

میٹنگ میں سید محمد الطاف بخاری کے علاوہ پارٹی کے جو سرکردہ رہنما موجود تھے، اُن میں یوتھ صدر و ترجمان یاور دلاور میر، صوبائی جوائنٹ سکریٹری عامر اشرف بٹ، ضلع سکریٹری پیر وجاہت، وارڈ صدر راجباغ اعجاز شفیع، وارڈ صدر اخراج پورہ محمد عباس، وارڈ صدر برزلہ عبدالقیوم، آفس سیکرٹری ضلع سرینگر توصیف بشیر، رُکن کمیٹی ضلع سرینگر رفیقہ جی اور حلقے سے تعلق رکھنے والے تمام سینئر کارکنان شامل تھے۔

Comments are closed.