سپیکر قانون ساز اسمبلی کا چرارِ شریف حلقہ کا دورہ

چرارِ شریف/11دسمبر

سپیکر جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی چرارِ شریف کے رُکن اسمبلی عبد الرحیم راتھر نے آج اَپنے حلقے کے جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے اور اہم صحت عامہ کی سہولیات کا اِفتتاح کرنے کے لئے ایک تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے دوران سپیکر موصوف پی ایچ سی حیات پورہ میں نئے قائم کردہ ڈینٹل اور ڈیجیٹل ایکسرے یونٹوں کا اِفتتاح کیا جس سے مقامی باشندگان کے لئے دستیاب صحت نگہداشت کی خدمات میں نمایاں اِضافہ ہوا ہے۔
بعدمیں عبدالرحیم راتھر نے سب ڈِسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈِی ایچ) ناگام کا دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاں ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل عملے اور عوامی وفود سے بات چیت کی۔ اُنہوں نے اُن کے مسائل اور ترقیاتی مطالبات کو بغور سُنا اور یقین دہانی کی کہ حکومت صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور عوامی ضروریات کو ترجیحی بنیادوں پر پورا کرنے کے لئے پُرعزم ہے۔
سپیکرموصوف نے پی ایچ سی سورسیار کا بھی معائینہ کیا جہاں اُنہوں نے ڈیجیٹل ایکسرے پلانٹ کا اِفتتاح کیا۔ اُنہوں نے سورسیار میں ایک عوامی دربار سے خطاب کرتے ہوئے یقین دِلایا کہ پی ایچ سی سورسیار جلد ہی چوبیس گھنٹے بنیادوں پر کام کرے گا جس سے مریضوں کو چوبیس گھنٹے طبی نگہداشت اور بہتر سہولیات میسر ہوں گی۔
اُنہوں نے بعد میں پی ایچ سی کریمشور کا بھی دورہ کیا اور اُنہوں نے وہاںڈاکٹروں، پیرا میڈیکل عملے اور عوامی وفود سے گفتگو و شنید کی اور اُن کے مسائل اور شکایات کو بغورسُنا۔
علاقے کے باشندگان نے سپیکر موصوف کی آمد کا پرتپاک اور والہانہ استقبال کیا او راُمید ظاہر کی کہ اِس دورے سے پورے علاقے میں طویل عرصے سے زیرِ اِلتوا¿ ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔
حلقے کے دورے کے دوران سپیکر عبدالرحیم راتھر کے ہمراہ ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر، ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ، سی ایم او بڈگام، چاڈورہ اور خانصاحب کے ایس ڈی ایمز اور بی ایم اوز سمیت دیگر سینئر افسران بھی تھے۔

Comments are closed.