کشمیر ٹریڈ الائنس وفد صوبائی کمشنر سے ملاقی:قدیم حبہ دل کی بحال اورفائر سیفٹی پر تبادلہ خیال

کشمیر ٹریڈ الائنسکے ایک وفد نے صدر اعجاز شہدار کی قیادت میں جمعہ کو صوبائی کمشنر کشمیر انشل گَرگ سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی، جس کے دوران سرینگر کے تاجروں کو درپیش مختلف مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں انفراسٹرکچر کی خامیاں، سڑک رابطہ، فائر سیفٹی، اسمارٹ سٹی کی دیکھ ریکھ، بجلی سپلائی کا منصوبہ اور پارکنگ کی کمی جیسے اہم موضوعات زیر بحث آئے۔

اعجاز شہدار نے ایک بیان میں ڈویژنل کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وفد کے مسائل پوری توجہ سے سنے اور مثبت رویہ ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرانے حبہ کدل پل کی بندش سے تقریباً 400 دکاندار متاثر ہیں اور کاروبار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ وفد نے مطالبہ کیا کہ پل کو ہلکی گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے فوری طور پر کھولا جائے تاکہ مقامی تجارت کو سہارا مل سکے۔انہوں نے اسمارٹ سٹی منصوبوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مارکیٹوں کی ظاہری حالت بہتر ہوئی ہے، تاہم مرمت و دیکھ ریکھ میں کمی سے ٹائلیں اور دیگر تعمیرات نقصان کا شکار ہو رہی ہیں۔شہدار نے کرن نگر میں اسمارٹ سٹی کے تحت بچھائی گئی زیرِ زمین بجلی لائنوں کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ بھاری خرچ کے باوجود دوبارہ اوور ہیڈ پولز نصب کیے جا رہے ہیں، جو ’’منصوبے کے اصل مقصد کے خلاف‘‘ ہے۔ انہوں نے زیرِ زمین کیبل سسٹم کو برقرار رکھنے پر زور دیا۔فائر سیفٹی کے حوالے سے اعجاز شہدار نے کہا کہ تجارتی علاقوں میں بڑھتے ہوئے آگ کے واقعات تشویشناک ہیں۔ پہلے سے نصب فائر ہائیڈرنٹس کو فعال اور باقاعدہ نقشہ بندی کے ساتھ قابلِ استعمال بنایا جائے تاکہ ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔

پارکنگ کی شدید قلت پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سرینگر کے اہم تجارتی مراکز بدستور بدترین بھیڑ کا شکار ہیں، اس لیے مخصوص پارکنگ مقامات کی نشاندہی اور ممکنہ طور پرملٹی لیول پارکنگ کی سہولت قائم کی جائے، تاکہ خریداروں اور گاڑیوں کی آمد و رفت میں آسانی ہو۔کشمیر ٹریڈ الائنس وفد نے یقین ظاہر کیا کہ ان مسائل کے حل سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں میں بہتری آئے گی بلکہ مارکیٹوں میں پیدل آمد و رفت اور مجموعی کاروباری اعتماد بھی مضبوط ہوگا۔گفتگو کے دوران ڈویژنل کمشنر نے وفد کو یقین دلایا کہ پیش کیے گئے تمام معاملات متعلقہ محکموں کے ساتھ زیرِ غور لائے جائیں گے اور ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔وفد میں اعجاز بساتی، سجاد حیدر، اویس یعقوب، سجاد دین، رمیز شورا، ظہور احمد، محمد یوسف اور نیاز احمد شامل تھے۔کشمیر ٹریڈ الائنس نے انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مسائل کے جلد از جلد حل کے لیے مسلسل رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔

Comments are closed.