فوج کی شمالی کمان کے کمانڈر کا پونچھ دورہ، آپریشنل تیاریوں کا لیا جائزہ

جموں،04 دسمبر

شمالی کمان کے آرمی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل پرتیک شرما نے جمعرات کو پونچھ کا دورہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی یونٹس کی آپریشنل تیاریوں، سیکورٹی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
فوج کے اعلیٰ حکام نے آرمی کمانڈر کو خطے میں مروجہ سیکورٹی چیلنجز، بڑھتی نگرانی، تیز رفتار ردعمل کے میکانزم، تکنیکی وسائل کے استعمال اور جدید حکمتِ عملیوں کو شامل کرتے ہوئے جاری کارروائیوں پر بریفنگ دی۔
لیفٹیننٹ جنرل شرما نے پونچھ کے مشکل جغرافیہ میں تعینات افواج کی قابلِ ستائش لگن، تیاری کے اعلیٰ معیار اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔
انہوں نے کہا کہ فوجیوں کی مسلسل مستعدی اور فرض شناسی نے سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
آرمی کمانڈر کی آمد نے نہ صرف فوجیوں کے حوصلے کو مزید تقویت دی بلکہ بھارتی فوج کے علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے غیر متزلزل عزم کو بھی ایک مرتبہ پھر اجاگر کیا۔
فوج کے مطابق انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، نگرانی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے سیکٹر میں سلامتی مزید مستحکم کی جا رہی ہے۔

Comments are closed.