ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگا م نے 41ویں این سی او آر ڈِی کمیٹی میٹنگ کی صدارت کی

بڈگام/18نومبر

ضلعی سطحی کی 41ویں این سی او آر ڈِی ( نار کو کوآرڈی نیشن ) کمیٹی کی میٹنگ آج ڈِی سی آفس بڈگام میں ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ کے ساتھ ایس ایس پی بڈگام نکھل بورکر کی صدارت میں منعقد ہوئی تاکہ بڈگام میں منشیات کے خلاف جاری تازہ اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔
میٹنگ میں اے ڈِی سی بڈگام، تمام ایس ڈی ایم، اے سی ڈی، سی ایم او، ڈی ایس ڈبلیو او، میڈیکل سپراِنٹنڈنٹ ڈی ایچ بڈگام، تمام گورنمنٹ ڈِگری کالجوں کے پرنسپل ، میونسپل کمیٹیوں کے اِی اوز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
میٹنگ کے شروعات میں سابقہ این کورڈ میٹنگ کے فیصلوں پر کی گئی کارروائی کا جائزہ لیا گیا۔ بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران ضلع بھر میں 77 کنال اور 18 مرلہ پر پھیلی جنگلی بھنگ کو تلف کیا گیا ہے جبکہ ناجائز کاشت کے خلاف 55 مقدمات درج کئے گئے اور 38 چالان کئے گئے ہیں۔
ضلع ترقیاتی کمشنر نے کہا کہ منشیات کا استعمال محض ایک قانونی مسئلہ نہیں بلکہ ایک سنگین سماجی مسئلہ ہے جو کنبوں اور کمیونٹیوں کو متاثر کرتا ہے۔ اُنہوں نے اِس بات پرزور دیا کہ منشیات کے خلاف جنگ میں سمگلروں، ڈیلروں اور کاشتکاروں کے ساتھ سختی ضروری ہے جبکہ متاثرین کو علاج اور بحالی کے لئے ہمدردانہ تعاون فراہم کیا جانا چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ روکتھام، قانون نافذ کرنے، علاج اور عوامی بیداری پر مشتمل جامع حکمت عملی ناگزیر ہے۔ تمام لائن ڈیپارٹمنٹ کو منشیات کی کاشت اور خرید و فروخت کے خاتمے کے لئے کوششوں میں تیزی لانے کی ہدایت دی گئی۔ مزید کہا گیا کہ مربوط کوششوں کے ذریعے سڑکوں، پشتوں اور پنچایتی علاقوں کو بھنگ اور پوست کی کاشت سے پاک رکھا جائے۔
ڈاکٹر بلال محی الدین بٹ نے اب تک کی پیش رفت کی سراہنا کی، تاہم اُنہوں نے کہا کہ مستقل، فعال اور نمایاں کارروائی ضروری ہے تاکہ عوام کو اِنتظامیہ کے عزم پر اعتماد رہے۔
اُنہوں نے ڈرگ ریگولیشن کے بارے میں تمام میڈیکل سٹوروں میں صد فیصد سی سی ٹی وی کوریج اور کمپیوٹرائزڈ بلنگ سسٹم (سی بی ایس) کی اہمیت پر زور دیا۔ بتایا گیا کہ بڈگام میں 630 ریٹیل اور 225 ہول سیل میڈیکل سٹور ہیںجن کی سخت نگرانی کی جا رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ بار بار معائینے جاری رہیں اور خلاف ورزیوں پر سخت کارروائی کی جائے۔

Comments are closed.